اے این پی کے امیدوار بم حملے میں زخمی

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک دھماکے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ارباب ایوب جان سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ارباب ایوب جان سابق صوبائی وزیر ہیں اور مئی میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی امیدوار ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق ارباب ایوب جان جمعرات کی شام پشاور کے مضافاتی علاقے ترناب فارم میں الیکشن مہم پر تھے جہاں سے واپسی پر ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے فوری بعد امدادی کارکنوں نے زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس اور سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے تحقیقات شروع کر دیں۔
تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد یہ صوبہ خیبر پختونخوا میں کسی امیدوار کو نشانہ بنائے جانے کا دوسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل ضلع بنوں میں سابق رکنِ اسمبلی ملک عدنان وزیر کے انتحابی جلوس پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس حملے میں خود عدنان وزیر بھی زخمی ہوئے تھے۔
عدنان وزیر اس سے پہلے اے این پی میں شامل تھے، لیکن آئندہ انتخابات میں وہ آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری کالعدم شدت پسند تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔
خیال رہے کہ تحریکِ طالبان پاکستان نے اے این پی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی انتخابی مہم اور سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے رکھی ہے اور اس نے جمعرات کو صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے ایک صوبائی امیدوار کو بھی نشانہ بنایا ہے۔







