یوکرین جنگ: ایران روس کو ڈرونز فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، امریکہ کی تنبیہ

،تصویر کا ذریعہIRANIAN ARMY/GETTY IMAGES
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین میں جاری جنگ کے دوران ایران روس کو ممکنہ طور پر سینکڑوں ڈرونز فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جن میں سے کچھ ڈرونز جنگی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ امریکہ کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق ایران روسی افواج کو ڈرونز استعمال کرنے کی تربیت دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ایران نے انھیں ابھی تک یہ ڈرونز پہنچائے ہیں یا نہیں۔ خیال رہے کہ یوکرین اور روس دونوں کے لیے جنگی حکمت عملی میں ڈرونز اہم ہیں۔
گذشتہ ہفتے یوکرین نے اپنی جنگی کوششوں میں مدد کے لیے ہزاروں ڈرونز کے عطیات کی اپیل کی تھی۔
جیک سلیوان نے مزید کہا کہ امریکہ کو موصول ہونے والی انٹیلیجنس اس نظریے کی تائید کرتی ہے کہ مشرقی یوکرین پر روس کا حملہ ’اپنے ہتھیاروں کو برقرار رکھنے کی قیمت پر جاری ہے۔‘
ان کے مطابق اس سے قبل یمن کے حوثی باغی ایرانی ڈرونز سعودی عرب پر حملے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔
جیک سلیوان کے یہ خیالات امریکی صدر جو بائیڈن کے رواں ہفتے اسرائیل اور سعودی عرب کے دورے سے قبل سامنے آئے ہیں۔ مشرقی وسطیٰ کے ممالک نے ابھی تک یوکرین میں اس کی جنگ پر روس کے خلاف پابندیوں میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے۔
اسرائیل ایران کو اپنے سب سے بڑے علاقائی خطرے کے طور پر دیکھتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ فروری میں حملے کے بعد سے امریکہ اور دیگر اتحادیوں نے یوکرین کو اربوں ڈالر مالیت کے ہتھیار فراہم کیے ہیں۔ جیک سلیوان نے کہا کہ امریکہ ’یوکرین کے مؤثر دفاع کو برقرار رکھے گا۔‘
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ یوکرین کو لانگ رینج (یعنی طویل فاصلے تک مار کرنے والے) میزائل فراہم کرے گا۔ تاہم روس نے امریکہ پر اس جنگ کو طول دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
کریملن کے ترجمان ڈمتری پیسکوو نے کہا ہے کہ امریکہ 'جان بوجھ کر جلتی پر تیل چھڑکنے' کا کام کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہEPA
روس کا یوکرین کے شہر خارخیو پر میزائل حملہ، چھ افراد ہلاک، 31 زخمی
دوسری طرف روس نے یوکرین کے شہر خارخیو پر ایک تازہ میزائل حملہ کیا ہے جس میں کم از کم چھ افراد ہلاک جبکہ 31 زخمی ہوئے ہیں۔
یوکرین کی فوج کے مطابق اس حملے میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یوکرین نے اعلان کیا ہے کہ روس کے خلاف جنگی جرائم کی ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے ٹیلی گرام پر اطلاع دی ہے کہ 11 جولائی کو خارخیو پر روسی حملے میں کم از کم چھ شہری ہلاک اور 31 زخمی ہوئے ہیں۔ دفتر کے مطابق تقریباً سات بجے روسی فوجیوں نے خارخیو کے دو اضلاع پر متعدد راکٹ لانچروں سے حملہ کیا۔
اس حملے میں رہائشی عمارتوں، ایک شاپنگ مال اور ٹائروں کی مرمت کی دکان کو نشانہ بنایا۔
اٹارٹی جنرل کے دفتر کے مطابق جنگی قوانین اور روایات کی خلاف ورزی پر اس روسی حملے کی ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان تحقیقات میں جان بوجھ کر عام شہریوں کو قتل کرنے کے الزامات کی بھی چھان بین کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق حالیہ حملے میں 31 افراد زخمی ہوئے جن میں چار اور 16 سال کے دو بچے بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے چھ شہریوں میں ایک 17 برس کا نوجوان اپنے والد سمیت اس حملے میں مارا گیا ہے۔ یہ دونوں باپ بیٹا اس ٹائر کی دکان کے قریب اپنی گاڑی میں بیٹھے آگے جا رہے تھے کہ میزائل حملے کا نشانہ بن گئے۔
دریں اثنا یوکرین کے ڈونیٹسک ریجن میں چاسیو یار قصبے میں رہائشی عمارتوں کے ایک بلاک پر روسی حملے میں مرنے والوں کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔
فوج کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 11 جولائی کو پانچ بجے تک ملبے کے نیچے سے 31 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔












