آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چینی شہری ہلاک
کراچی کے علاقے کلفٹن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک چینی شہری ہلاک اور ایک راہ گیر زخمی ہو گیا ہے۔
نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پیر کی دوپہر زمزمہ کے علاقے میں پیش آیا جب موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایک سفید کار پر فائرنگ کی۔
یہ بھی پڑھیے
ڈی آئی جی جنوبی آزاد خان نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے شبہ ظاہر کیا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
فائرنگ کے نتیجے میں چینی شہری چانگ زو اور ایک راہ گیر زخمی ہوا جنھیں جناح ہپستال منتقل کیا گیا۔
جناح ہسپتال کی شعبۂ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے بی بی سی کو بتایا کہ چینی شہری کے سر میں گولی لگی تھی اور ابتدائی طور پر اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تاہم وہ کچھ دیر بعد دم توڑ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ راہ گیر کو ٹانگ میں گولی لگی تھی اور اس کی حالت بہتر ہے۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے نو خول ملے ہیں۔ ڈی آئی جی آزاد خان نے بتایا کہ چینی شہری کو پولیس سکیورٹی فراہم کی گئی تھی لیکن واقعے کے وقت اہلکار ان کے ساتھ موجود نہیں تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق منصوبوں کے سلسلے میں چینی شہریوں کی ایک بڑی تعداد کراچی میں مقیم ہے اور حکومتِ سندھ نے سی پیک منصوبے میں شامل چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے ایک علیحدہ فورس بھی بنا رکھی ہے۔
گذشتہ دنوں وزیر قانون ضیا الحسن لنجار کا ایک بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے چینی شہریوں کی تعداد کے بارے میں صوبائی حکومت کو آگاہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی کوئی تفصیلات شیئر کی ہیں۔