’پولیس بھی مذاق اڑائے تو ناراضگی بنتی ہے‘

انگلینڈ میں کھیلی گئی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی جیت کے بعد جہاں پاکستانیوں نے بالی وڈ کے اداکار رشی کپور کو ٹوئٹر پر ٹرول کیا تو وہاں کئی ویڈیوز ایسی آئیں جن میں کہا گیا 'باپ کون؟'۔

کئی لوگوں نے انڈیا کی شکست کی وجہ بمراہ کی 'نو بال' کو قرار دیا کیونکہ ایک چانس ملنے کے بعد پاکستانی اوپنر فخر زمان نے سینچری سکور کی اور اسی سینچری کی بدولت پاکستان نے انڈیا کو 339 رنز کا ہدف دیا۔

انڈیا کی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں ٹریفک پولیس نے بمراہ کی اسی نو بال والی تصویر سے ایک اشتہار بنوایا ہے۔ ٹریفک پولیس نے اس تصویر کو شہر کے کئی مقامات پر لگوایا ہے جس میں بمراه کا پاؤں لائن کے باہر جاتا دکھائی دے رہا ہے اور دوسری طرف زیبرا کراسنگ سے پیچھے کھڑی گاڑیوں کی تصویر ہے۔

اس تصویر کے ساتھ ہی لکھا ہے: 'لائن کراس نہ کریں۔ آپ جانتے ہیں کہ یہ بہت مہنگا پڑ سکتا ہے۔'

اس اشتہار سے بمراہ کافی ناراض ہیں۔

اس حوالے سے بی بی سی اردو کے قارئین نے بمراہ کے حق میں تبصرے کیے۔ ایک قاری وقاص انور نے اس اشتہار پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا 'ہم پاکستانی اور انڈینز ایک ہی مزاج کے لوگ ہیں۔ ایک دن اچھا کرنے پر کسی کو سر پر بٹھا لیتے ہیں اور سالوں اچھا کرنے والے کی ایک غلطی سے اسے زمین پر پٹخ دیتے ہیں۔'

ایک اور قاری راشد زیئر نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھی کوہلی کا کیچ ڈراپ کیا لیکن اگلی گیند ہی پر شاداب نے کوہلی کا کیچ پکڑ لیا۔ اس بات میں کوئی منطق نہیں ہے کہ ایک شخص کے باعث انڈیا میچ ہار گیا۔'

شمس الحق نے بمراہ کی نو بال کو بہت بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے لکھا: 'بہت مہنگی غلطی۔ روڈ پر لائن کراس سے تو جرمانہ یا ایک جان وغیرہ جاسکتی ہے مگر یہاں تو کروڑوں انڈین کی جانیں گئیں۔ ایک غلطی پاکستان نے بھی کی تھی ویرات کا کیچ ڈراپ کر کے مگر کوہلی کو چانس مل بھی گیا اور پھر بھی گیا۔ دو بڑی غلطیاں۔'

بی بی سی اردو کے قاری فرخ حسن نے جے پور ٹریفک پولیس کے اشتہار کو جانیں بچانے کی ایک عمدہ کوشش قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے 'اچھا آئیڈیا ہے۔ آپ زندگی میں بہت سے میچ جیت سکتے ہیں لیکن دوبارہ زندگی نہیں مل سکتی۔'

محمد عیسیٰ نے بھی اشتہار کی تعریف کی اور لکھا 'جے پور پولیس کا خوبصورت میسج ۔۔۔ ذرا سی غفلت کتنی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔'

تاہم چند قارئین نے جے پور ٹریفک پولیس کے اشتہار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک قاری عمران ملک نے کہا کہ جے پور پولیس نے 'انتہائی گھٹیا حرکت کی ہے'۔

اسی طرح محمد شہزاد نے اس اشتہار کے حوالے سے لکھا ہے 'یہ اچھا نہیں ہے۔ پسند نہیں آیا۔'

بی بی سی اردو کے ایک قاری ظفر اقبال نے ٹویٹ میں کہا ’جے پور پولیس کا ایک شاندار اشتہار ۔۔۔ اس کو مثبت طریقے سے دیکھنا چاہیے۔‘

لیکن ایک اور قاری خرم نے بمراہ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے ’اس نے ابھی کھیلنا شروع کیا ہے اور وہ بات اور سوچ ایسی رکھتے ہیں جیسے سچن ہوں۔ وہ ایک معمولی بولر ہیں اور ہاں ان کی نو بال کی وجہ ہی سے انڈیا میچ ہارا۔‘

ایک اور قاری پرانا پاکستانی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے ’اب ان کی پولیس بھی مذاق بنائے گی تو پھر ناراضگی تو بنتی ہے‘۔