آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
خاتون رکن کے لیے نازیبا الفاظ ناقابلِ قبول ہیں: عمران خان
پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی بھی رکنِ اسمبلی کی جانب سے کسی خاتون کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال ناقابلِ قبول ہے اور اگر ایسا دوبارہ ہوا تو ایسے شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
یہ بات عمران خان نے منگل کے روز ایک ٹویٹ میں کہی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسا کرنا ہمارے مذہب اور ہماری ثقافت دونوں کے خلاف ہے۔
ان کی جانب سے یہ بیان خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر شاہ فرمان کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی نگہت اورکزئی کے بارے میں مبینہ طور پر نازیبا الفاظ کی ادائیگی پر سامنے آیا ہے۔
خیال رہے کہ نگہت اورکزئی صوبے کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی بجٹ کی تقسیم کے حوالے سے مبینہ بےضابطگیوں پر احتجاج کر رہی تھیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے شاہ فرمان نے موقف اختیار کیا کہ نگہت اورکرزئی کو غلط معلومات فراہم کی گئیں ہیں اور وہ ان سے علیحدگی میں ملیں تاکہ وہ درست معلومات فراہم کرسکیں۔
اس واقعے کے بعد صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے شاہ فرمان کے نامناسب رد عمل پر احتجاج کیا۔
اس حوالے سے نگہت اورکزئی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کو شکایت کی ہے۔
مقامی ٹی وی چینل ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے نگہت اورکزئی کا کہنا تھا صوبائی اسمبلی کے سپیکر نے انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی صوبائی اسمبلی میں کسی خاتون رکن کے ساتھ بدتمیزی کی گئی ہو۔ اسی سال جنوبی میں سندھ اسمبلی میں بھی وزیر امداد پتافی نے خاتون رکن نصرت سحر عباسی سے بدکلامی کی تھی جس پر انھیں معافی مانگنا پڑی تھی۔