کوئٹہ میں بم دھماکہ، دو پولیس اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک بم ناکارہ بناتے ہوئے پھٹ گیا جس سے دو پولیس اہلکار ہلاک اور 14 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
اس کے علاوہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں ایک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس سے تین افراد زخمی ہو گئے۔
پہلا دھماکہ پیر کی شب کوئٹہ میں سریاب روڈ کے علاقے میں ہوا۔
کوئٹہ پولیس کے ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے سریاب پل کے ساتھ کراچی بس ٹرمینل کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔
بم کی نشاندہی پر پولیس کے بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے کے اہلکار اسے ناکارہ بنانے کے لیے وہاں پہنچے۔ جب وہ بم کو ناکارہ بنارہے تھے کہ اس دوران بم پھٹ گیا۔
دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ دھماکے کے باعث اسے ناکارہ بنانے والے دونوں اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ 14 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو علاج کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس دھماکے کی ذمہ داری کالعدم لشکر جھنگوی العالمی نے قبول کی ہے۔
دوسرا دھماکہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق پیر کوہ میں نامعلوم افراد نے بارودی سرنگ نصب کی تھی۔ بارودی سرنگ اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جب اوجی ڈی سی ایل کا ایک ٹینکر اس سے ٹکرا گیا۔
دھماکے سے ٹینکر کو نقصان پہنچا جبکہ اس پر سوار تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے رحیم یار خان منتقل کر دیا گیا ہے۔








