ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب پینے سے 32 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبداللہ فاروقی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے مبارک آباد میں زہریلی شراب پینے سے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے کم از کم 32 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
تھانہ سٹی ٹوبہ کے سٹیشن ہاؤس آفیسر محمد ندیم نے بی بی سی کو بتایا کہ اب بھی 25 افراد الائیڈ اسپتال فیصل آباد اور ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں داخل ہیں جن کے معدوں کی صفائی اور علاج کیا جا رہا ہے۔
واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سٹی ٹوبہ نے بتایا کہ 25 اور 26 دسمبر کی درمیانی رات مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے یہ افراد اپنی عید کے موقعے پر جشن منا رہے تھے جس کے دوران اُنھوں نے شراب پی اور گھر چلے گئے۔ صبح 11 بجے جب یہ افراد نہ اُٹھ سکے اور دیگر کئی کی طبیعت بگڑنا شروع ہوئی تو معاملے کا پتہ چلا اور اِن کو دو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
محمد ندیم کے مطابق مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو شراب کا بندوبست کرنا تھا۔ جب اُنھیں اپنے علاقے سے شراب نہیں مل پائی تو تو کہیں اور سے لے آئے۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ساجد اور شریف شراب لے کر آئے تھے اور وہ خود بھی وہی زہریلی شراب پینے کے بعد ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں، تاہم علاقے میں پانچ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اِس واقعے کا مقدمہ زہر خوردنی کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔



