’فوٹوگرافی اور پولیس میں نوکری میں مہم جوئی مشترک ہے‘

ہرن مینار

،تصویر کا ذریعہMuhammad Ashar

،تصویر کا کیپشنمحمد اشعر کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ ایک سافٹ انجیئر ہیں
    • مصنف, شیراز حسن
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

دنیا میں فوٹوگرافی کا سب سے بڑا مقابلہ سمجھے جانے والے وکی میڈیا کے تصویری مقابلے میں تین پاکستانی فوٹوگرافروں کی تصاویر دس سرفہرست تصاویر میں شامل کی تھیں۔

اسلام آباد میں واقع پاکستان مونومنٹ کی محمد اشعر کی تصویر کو چھٹی، اوچ کے مقام پر واقع بی بی جیوندی کے مقبرے کی اسامہ شاہد کی بنائی ہوئی آٹھویں اور نویں صدی میں تعمیر کردہ قلعہ دراوڑ کی تحسین شاہ کی بنائی ہوئی تصویر مقابلے کی دسویں بہترین تصویر قرار دی گئی تھی۔

بی بی سی اردو سے انہی تین فوٹوگرافرز سے ان تصاویر اور ان کی فوٹوگرافی کے حوالے سے بات چیت کی۔

چنیوٹ

،تصویر کا ذریعہMuhammad Ashar

،تصویر کا کیپشنچنیوٹ میں واقع عمر حیات محل کا اندرونی منظر

محمد اشعر

محمد اشعر کا تعلق لاہور سے ہے، وہ ایک سافٹ انجیئر ہیں اور اسی شعبے سے منسلک ایک فرم میں ملازمت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں کالج کے زمانے سے ہی انھیں سیر و سیاحت کا شوق تھا اور اسی دوران میں نے ایک ڈیجیٹل کیمرہ لیا اور فوٹوگرافی شروع کی۔

'میں جہاں کہیں بھی جاتا ان جگہ کی تصویری بنایا اور پھر تین سال پہلے میں نے ڈی ایس ایل آر کیمرہ لیا''

انھوں نے بتایا کہ وہ فوٹوگرافی کی باقاعدہ تربیت تو حاصل نہیں کی لیکن انٹرنیٹ کی مدد سے کیمرے اور فوٹوگرافی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

وکی میڈیا مقابلے میں صف اول کی دس تصویروں میں شامل پاکستان مونومنٹ کی تصویر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ 'گذشتہ سال میں اپنے دوستوں کے ساتھ اسلام آباد کی تصویریں بنانے کے لیے سفر کیا تھا۔ میرا ارادہ فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ کی طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے وقت تصاویر بنانے کا تھا۔'

وہ کہتے ہیں: ' فوٹوگرافی دراصل روشنی کو عکس بند کرنا ہے۔ چیزیں ہیں اور روشنی ہے۔ آپ ان دونوں کا امتزاج کس طرح عکس بند کرتے ہیں یہی فوٹوگرافی ہے۔

قلعہ

،تصویر کا ذریعہUsama Shahid

،تصویر کا کیپشناسامہ شاہد ایم بی بی ایس کے طالب علم ہیں

اسامہ شاہد

اسامہ شاہد قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور میں ایم بی بی ایس کے طالب علم اور ان کا تعلق چشتیاں ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ 'فوٹوگرافی شوق ہے اور شوق کے لیے کرتا ہوں۔'

ان کا بی بی جیوندی کے مزار کی تصویر کے بارے میں کہنا تھا کہ وہ اس مزار کی تصویر بنانے کے لیے خاص طور پر اوچ گئے تھے۔

وہ کہتے ہیں یہ تاریخی مزار ایک طرف سے بالکل تباہ ہوچکا ہے۔ اس کا فن تعمیر شاہکار ہے اور اس تصویر بناتے ہوئے میرے یہی ذہن میں تھا کہ اس کو تاریخی ورثے کی دیکھ بھال ضروری ہے۔

فوٹوگرافی کے بارے میں وہ کہتے ہیں: 'ہرشخص کا اپنا دیکھنے کا انداز ہوتا ہے۔ ایک فوٹوگرافر ایک بری چیز کو بھی ایسے انداز میں پیش کر سکتا ہے جو شاید عام زندگی میں خوبصورت دکھائی نہ دے۔'

اسامہ شاہد کو لینڈ سکیپ اور منی ایچر فوٹو گرافی پسند ہے۔

'فوٹوگرافی ایک مہنگا شوق ہے لیکن جب آپ شوق ہو تو آپ کسی نہ کسی طرح پورا ہو ہی جاتا ہے۔ '

وہ کہتے ہیں کہ 'فوٹوگرافی میرا شوق ہے لیکن میں ایم بی بی ایس کا طالب علم ہوں اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد طب کے شعبے کو ہی اپنا مستقبل بناؤں گا۔'

دراوڑ

،تصویر کا ذریعہTahsin Shah

،تصویر کا کیپشنتحسین شاہ کا کہنا ہے کہ فوٹوگرافی اور پولیس میں نوکری میں مہم جوئی کا عنصرمشترک ہے۔

تحسین شاہ

تحسین شاہ 36 سال پولیس کے محکمے میں خدمات سرانجام دے چکے اور 2013 میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی کے طور پر ریٹائرڈ ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ''فوٹوگرافی کا شوق ہمیشہ سے رہا لیکن اس شوق میں تیزی اس وقت آئی جب میں آئی جی گلگت بلستان تعینات ہوا۔ وہاں اتنا قدرتی حسن ہے اس کو عکس بند کرنے کے لیے نیا ساز و سامان لیا، تربیت لی اور باقاعدہ فوٹوگرافی شروع کر دی۔'

وہ کہتے ہیں 'میں نے سوچ رکھا تھا کہ جب میں ریٹائرمنٹ لے لوں گا تو اس کے بعد کوئی اور ملازمت نہیں کروں گا بلکہ اپنے فنون لطیفہ کے حوالے سے شوق پورے کروں گا۔'

تحسین شاہ کا کہنا ہے کہ عام طور پر ایک پولیس افسر کا یہ تاثر لیا جاتا ہے کہ ان کے سینے میں دل نہیں ہوتا یا ان کے اندر خوبصورتی نہیں ہوتی۔ پاکستان کے دو مایہ ناز فوٹوگرافروں آفتاب احمد خان اور سمیع الرحمان کا تعلق بھی پولیس کے محکمے سے ہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوٹوگرافی اور پولیس میں نوکری میں مہم جوئی کا عنصرمشترک ہے۔

قلعہ دراوڑ کی تصویر کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ یہ پاکستان کا تاریخی ورثہ ہے اور ہمیشہ سے ہی فوٹوگرافروں نے اسے مختلف انداز میں شوٹ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تصویر بنانے کے لیے انھوں نے خاص طور پر چولستان کا سفر کیا اور مختلف اقات میں مختلف زاویوں کے ساتھ اس کی تصویریں بنائیں لیکن انھیں 'اندازہ نہیں تھا کہ یہ تصویر دس بہترین تصویروں میں شمار کی جائے گی۔'

تحسین شاہ کے مطابق فوٹوگرافی اپنے جذبات اور خیالات کے 'اظہار کا ایک ذریعہ ہے۔'