آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ، انڈین سفارتکار دفتر خارجہ طلب
پاکستان نے انڈیا کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ پر انڈیا کے نائب ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ بلا کر احتجاج کیا ہے۔
نیکیال اور جندروت سیکٹرز میں انڈین فورسز کی فائرنگ میں تین افراد ہلاک جبکہ ایک پانچ سالہ بچے سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا اور سارک کے لیے پاکستان کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے منگل کو انڈیا کے نائب ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو بلا کر انڈیا کی جانب سے ’بلااشتعال‘ فائرنگ کی سخت مذمت کی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے انڈیا پر سنہ 2003 کے جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کرنے کے لیے زور دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 'جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کی انڈیا جانچ کرائے اور اپنے فوجیوں کو ہدایت جاری کرے کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کا صحیح معنوں میں احترام کریں۔'
اس کے علاوہ شہریوں کو نشانہ بنانے سے باز رہنے اور لائن آف کنٹرول پر امن و امان قائم رکھنے کے بات بھی کہی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل انڈیا کے نائب ہائي کمشنر کو دفتر خارجہ نے اکتوبر کے اواخر اور نومبر کے اوئل میں بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات پر کئی بار طلب کیا تھا۔
27 اکتوبر کو خارجہ سیکریٹری عزیز احمد نے انڈین ہائی کمشنر گوتم بمباوتے کو طلب کرکے انڈین ہائی کمیشن کے ایک افسر کو 'ناپسندیدہ شحض' قرار دیا اور انھیں انڈیا واپس بھیجنے کے لیے کہا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اسلام آباد کے انڈین ہائي کمیشن میں موجود آٹھ اہلکاروں میں سے تین افسروں کو انڈیا نے دہلی واپس بلا لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق فرسٹ سیکریٹری، انوراگ سنگھ، وجے کمار ورما اور مادھون نند کمار دبئی کے راستے دہلی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ انڈیا پاکستان کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے نتیجے میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ کے الزامات لگائے ہیں اور دونوں ممالک کی جانب سے سفارت کاروں کو ان کے ملک روانہ کیا گیا ہے۔