 |  رمزفیلڈ نے کہا کہ انہیں جیل سکینڈل کی بابت کوئی پچھتاوا نہیں ہے |
امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈ نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ برس بغداد کی ابو غریب جیل میں قیدیوں سے ہونے والی زیادتیوں سے پیدا ہونے والے بحران کے دوران انہوں نے مستعفی ہونے کی دو مرتبہ پیشکش کی تھی۔ ٹی وی چینل سی این این پر ایک انٹرویو کے دوران وزیر دفاع نے کہا کہ وہ امریکی فوجیوں کے ہاتھوں قیدیوں کے ساتھ زیادتی کی تصاویر کے معاملے کی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے استعفیٰ دینے کی پیشکش کن مواقع پر کی تھی۔ امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ انہیں جیل سکینڈل پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے البتہ مستقبل میں ایسے اقدامات کو روکنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈونلڈ رمز فیلڈ نے کہا کہ انہوں نے جب بھی جانے کی بات کی تو صدر بش نے انہیں رکنے کو کہا۔ پینٹاگون میں بی بی سی کے نامہ نگار ایڈم بروکس کا کہنا ہے کہ اب امریکی وزیر دفاع کی پوزیشن بظاہر زیادہ مضبوط ہو گئی ہے۔ نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ رمز فیلڈ کے لیے گزشتہ برس خاصا کٹھن ثابت ہوا۔ عراقی شہروں میں جہاں مزاحمت زور پکڑتی جا رہی تھی وہیں قیدیوں کے ساتھ زیادتی کی تصاویر بھی پوری دنیا میں شائع کر دی گئیں۔ تاہم عراق میں اتوار کو ہونے والے انتخابات کے بعد بش انتظامیہ کی خاصی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ |