 |  انتخابات سے قبل حملوں میں کافی تیزی آئی ہے |
امریکی وزیر خارجہ کولن پاول نے خبردار کیا ہے کہ عراق میں اس ماہ کے آخر میں ہونے والے انتخابات سے پہلے مزید پر تشدد واقعات ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے یہ بیان گزشتہ روز ہونے والے اس خود کش کار بم حملے کے بعد دیا ہے جس میں عراقی فوجیوں سمیت انیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ حملہ بلاد شہر میں واقع امریکی فوجی بیس کے باہر ہوا۔ مسٹر پاول نے کہا کہ اس طرح کے حملے تیس جنوری کو ہونے والے انتخابات میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتے۔ انہوں نے عراق میں مزاحمت سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط عراقی فوج کی ضرورت پر زور دیا۔ کار بم دھماکے میں عراقی نیشنل گارڈ کے اٹھارہ اہلکاروں سمیت انیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حملے میں چھ اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ امریکی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق یہ دھماکہ بغداد کے شمال میں بلد شہر میں عراقی سیکیورٹی دستوں کی ایک بس کے پاس ہوا۔ بلاد بغداد سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ بغداد میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق یہ حالیہ دنوں میں امریکی اور عراقی فوجیوں پر ہونے والے سب سے سے زیادہ جان لیوا حملوں میں سے ایک تھا۔ عراق میں تیس جنوری کو انتخابات سے قبل مزاحمت کاروں کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔ انتخابات کے دوران عراقی پولیس اور نیشنل گارڈ تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ دار ہیں۔ |