http://www.bbc.com/urdu/

سعودی جیل میں سڑسٹھ ہلاک

سعودی عرب کے شہر ریاض میں واقع ملک کی سب سے بڑی الہیر جیل میں آتشزدگی کے واقعہ میں سڑسٹھ قیدی جھلس کر ہلاک اور بیس زخمی ہو گئے ہیں۔

آتشزدگی کا یہ واقعہ گرینیج کے معیاری وقت کے مطابق صبح نو بجے پیش آیا۔

ریاض سے موصول ہونے والے اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر جیل میں بند قیدیوں کے رشتہ دار جیل کے دروازے پر اکھٹے ہوگے تھے جس کی وجہ سے فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی اداروں کے اہلکار بروقت موقع پر نہ پہنچ سکے جس کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا۔

سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ نائف نے آتشزدگی کے اس واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ آیا القاعدہ تنظیم کے دوسو سے زائد گرفتار ارکان میں سے کچھ کو اس جیل میں رکھا گیا تھا یا نہیں۔

سعودی عرب کی اخبار ریاض ڈیلی سے منسلک صحافی محمد الغامدی نے بی بی سی کو بتایا کہ الہیر جیل ملک کی سب سے بڑی جیل ہے اور ان کے خیال میں اسامہ بن لادن کی تنظیم القاعدہ کے کچھ ارکان وہاں قید ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جیل جدید طرز پر تعمیر کی گئی ہے اور اس میں سہولتوں کے اعلیٰ معیار کو سامنے رکھا جاتا ہے۔ ان کے مطابق اس ایل میں اس نوعیت کا واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔