ایران جوہری تعاون میں کمی کر دے گا  | | ایران کا جوہری پلانٹ |
جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے لئے مقرر ایرانی مندوب علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ انکا ملک جوہری ایجنسی کے ساتھ اپنے تعاون کو محدود کر دے گا کیونکہ ایجنسی نے ایران کو اپنے جوہری پروگرام سے متعلق سوالات کا جواب دینے کے لئے محض اکتوبر کے آخر تک کی مہلت دی ہے۔ ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران نے مروّت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے مقامات کے دروازے بھی معائنہ کاروں پر کھول دئے تھے جو کہ معاہدہء جوہری عدم پھیلاؤ کے دائرۂ کار سے باہر تھے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ اب ایران مزید مروت نہیں دکھائے گا۔ تہران میں بی بی سی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ ایران کا یہ بیان جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے لئے خاصا مایوس کن ثابت ہوگا۔ ادھر ایرانی حکام اس بارے میں باہمی صلاح مشورہ جاری رکھے ہوے ہیں کہ اکتیس اکتوبرتک کی محدود مہلت کے متعلق کیا ردِّعمل دکھایا جائے۔ |