Wednesday, 11 January, 2006, 02:38 GMT 07:38 PST
عارف وقار
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
ہر برس کے آغاز میں ہم قارئین کے سامنے ایسے جائزے پیش کرتے ہیں جِن میں سالِ گزشتہ کے دوران زندگی کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر ایک نگاہ ڈالی جاتی ہے۔
آج کی نشست میں ہم جائزہ لے رہے ہیں کہ سن 2005 کے دوران انگریزی کے کونسے نئے الفاظ تخلیق کئے گئے اور کِن پرانے لفظوں کو نئے مفہوم کا جامہ پہنایا گیا۔
Zombie
زومبی کا مطلب ہے ’زندہ لاش‘ اور کنایتاً احساسات سے عاری کسی بھی شخص کے لئے یہ لفظ استعمال ہو سکتا ہے۔ لیکن سن 2005 کے دوران اس لفظ نے ایک نیا روپ دھار لیا ہے اور اب زومبی کا مطلب ایک ایسا ذاتی کمپیوٹر بھی ہے جو کہ کسی وائرس کی زد میں آ کر لوگوں کو خوامخواہ لاتعداد پیغامات ارسال کرنا شروع کر دے جبکہ کمپیوٹر کے مالک کو اسکی خبر بھی نہ ہو۔
جنوری 2005 میں جوہانسبرگ میں اطلاعاتی ٹکنالوجی کے ایک ادارے نے مفصّل جائزے کے بعد اپنی رپورٹ میں لکھا:
One alarming trend to emerge from the survey was the increasing number of zombie computers – PC's that have been compromised remotely by hackers or virus writers… Zombie computers are sending out over 40% of the world's spam, usually to the complete ignorance of the PC owner.
اِس انگریزی عبارت میں آپ نے ایک لفظ دیکھا:
Spam
یہ لفظ کئی برس سے کمپیوٹر کی دنیا میں مستعمل ہے اور اسکا مطلب کسی سے ڈھکا چھُپا نہیں ۔۔۔ یعنی ای۔میل کے ذریعے آنے والے اَن چاہے پیغامات۔ یہ عام طور پر ایسی اشتہاری عبارتیں یا سائیٹس ہوتی ہیں جو ہم پر خوامخواہ مسلط کر دی جاتی ہیں لیکن اب اس سے ایک قدم آ گے آئیے تو سن 2005 کے دوران ایک اور لفظ نے بڑی تیزی سے مقبولیت حاصل کی اور وہ ہے: Spim
یہ ایسے اشتہاری پروگرام ہوتے ہیں جو ’فوری میسج‘ کی شکل میں ہمارے پی سی میں داخل کر دیئے جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں سائنس کے ایک معروف ہفتہ وار رسالے کی حالیہ اشاعت سے یہ اقتباس پیش کیا جا رہا ہے۔
Researchers warn that SPIM is growing at about three times the rate of spam, as spammers adapt their toolkit to exploit a rapidly rising number of new instant messaging (I.M) users.
یعنی ’فوری میسج‘ استعمال کرنے والوں کے کمپیوٹر بُری طرح اس بیماری کی زد میں ہیں جسے سپِم کا نام دیا جا رہا ہے۔
DESHOPPER
پاکستان میں شاپر کا لفظ اُس تھیلے یا لفافےکے لئے استعمال ہوتا ہے جو دوکاندار عموماً مفت مہیّا کرتے ہیں۔ البتہ برطانیہ اور امریکہ میں شاپر کا لفظ خریدار یا گاہک کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ البتہ سالِ گذشتہ کے دوران اسی لفظ کا ایک متضاد بھی استعمال میں آنے لگا ہے، یعنی
DESHOPPER
اگر شاپر سے مراد خریداری کرنے والا شخص ہے تو ’ڈی۔شاپر‘ کا لفظی مطلب ہوا ’خریداری نہ کرنے والا‘ – یا خریداری کو رد کرنے والا، لیکن عملاً یہ لفظ اُن لوگوں کے لئے استعمال ہوتا ہے جو کسی بڑے سٹور سے کوئی چیز خریدتے ہیں اور ایک دو بار استعمال کرنے کے بعد سٹور پر واپس کر آتے ہیں۔ اندازہ ہے کہ بڑی بڑی کمپنیوں کا دس فی صد منافع ایسے لوگوں کی نذر ہوجاتا ہے جو خریدا ہوا مال ’ناقص‘ قرار دے کر واپس کر جاتے ہیں۔
اس عمل کے لئے انگریزی میں جو لفظ آج کل چل رہا ہے وہ ہے:
DESHOPPING
البتہ یہ بنیادی طور پر ایک برطانوی لفظ ہے اور اسکا چلن حال ہی میں ہوا ہے جبکہ امریکہ میں اس عمل کے لئے کچھ عرصہ پہلے جو لفظ گھڑا گیا وہ تھا:
Shopgrifting
یہ امر قابلِ توجہ ہے کہ برطانوی انگریزی میں لفظ ’ڈی۔شاپ‘ کی فعلی صورت بھی نمودار ہو چکی ہے۔ مثلاً
Are you going to deshop after Christmas
کیا تم کرسمس کے بعد یہ (خریدا ہوا) مال واپس کر دو گے۔
البتہ امریکی انگریزی میں ابھی ’شاپ گرفٹ‘ کا لفظ فعل کے طور پر مستعمل نہیں ہے۔
DOOCED
سن 2005 میں متعارف ہونے والا ایک دلچسپ لفظ ہے:
Dooced
اس لفظ کا تعلق کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی دنیا سے ہے۔ آج کل بہت سے لوگ مشغلے کے طور پر آن۔لائن ڈائری لکھتے ہیں جسے’بلاگ‘ کہا جاتا ہے۔ (یہ لفظ بذاتِ خود ’ویب لاگ‘ کی مختصر شکل ہے)۔
بہرحال اگر بلاگ لکھنے والا اپنے دفتر یا اپنے افسر کے بارے میں کوئی ایسی بات لِکھ دے جس سے اسکی نوکری جاتی رہے تو نئے محاورے میں کہیں گے کہ:
He is dooced
یہ لفظ امریکہ میں تین برس پہلے اس وقت متعارف ہوا تھا جب حیدر آرم سٹرانگ نامی ایک خاتون نے اپنے بلاگ میں دفتر کی کچھ بےقاعدگیوں کا ذکر کیا اور اس کے نتیجے میں باس نے انھیں نوکری سے نکال دیا۔
خاتوں نے برخاست ہوتے وقت اپنے ساتھیوں کے لئے یہ نوٹ چھوڑا:
"Never write about work on the internet, unless your boss knows about the fact"
یعنی اپنے افسرِ اعلیٰ کے علم میں لائے بغیر کبھی دفتر کی باتیں بلاگ میں نہیں لکھنی چاہیئں۔
لیکن اس سلسلے میں اصل بات یہ ہے کہ برطرف شدہ خاتون کی ویب سائیٹ کا نام تھا:
Dooce.com
اور یہیں سے وہ تمام متعلقہ الفاظ نکلے جو سن 2005 کے دوران برطانوی انگریزی کا حصّہ بن چکے ہیں۔ مثلاً
Dooce
Doocing
Dooce dodging
Blogo phobia
Blogophobic
آخری دو لفظوں کا مطلب ہے بلاگ کا خوف اور بلاگ کے خوف سے تعلق رکھنے والی کوئی بھی چیز۔
سن 2005 کے دوران صحافتی اور نشریاتی ادب میں پروان چڑھنے والا اہم ترین لفظ ہے:
McLibel
لائبل ایک قانونی اصطلاح ہے جس سے مراد ہے ایسا تحریری بیان جو کسی کی عزت و شہرت کو داغ دار کر دے۔ چنانچہ تعزیراتِ ھند اور بعد میں تعزیراتِ پاکستان میں اسکا ترجمہ ’ازالہء حیثیتِ عُرفی‘ کیا گیا ہے۔
’مَک لائبِل‘ میں لفظ کا پہلا حصّہ میکڈانلڈ (فاسٹ فوڈ ریسٹیورنٹ) سے لیا گیا ہے چنانچہ پورے لفظ کا مطلب ہوا ’میکڈانلڈ کا بدنامی والا کیس‘۔
یہ لفظ برگر اور کوک بیچنے والے معروف ریسٹیورنٹ میکڈانلڈ کے خلاف چلنے والے ایک طویل مقدّمے سے ماخوذ ہے۔ 15 فروری 2005 کو برطانوی روزنامے گارجین نے اپنے ادارتی شذرے میں لکھا:
‘In the 20 years since the London Greenpeace leaflets were first handed out, the debates about industrial food and corporations have grown enormously. The epic McLibel trial, it can now be seen, acted as a commentary on globalisation and helped to expose many of the dubious practices of giant corporations.’
The Guardian 15th February 2005
15فروری 2005 کی تاریخ اس لئے قابلِ ذکر ہے کہ اس روز بدنامی کے اس طویل ترین مقدمے کا فیصلہ ہوا جو کہ اب میک لائبل کے نام سے مشہور ہے۔
جیسا کہ اخباری اقتباس سے ظاہر ہے، آج سے بیس برس پہلے ماحولیاتی تحفظ کے دعوے داروں نے میکڈانلڈ ریسٹیورنٹ کے خلاف ایسے پمفلٹ چھاپے جن میں بتایا گیا تھا کہ فوری طور پر تیار ہونے والی غذا کے نام پر عوام کو غیر معیاری کھانا کھلایا جاتا ہے اور بے تحاشا نفع کمانے کے باوجود اپنے ملازموں کو یہ کمپنی بہت کنجوسی سے ادائیگی کرتی ہے۔
کمپنی کو بے نقاب کرنے کا بِیڑا دو افراد یعنی ہیلن سٹیل اور ڈیوڈ مورس نے اٹھایا تھا چنانچہ اخبارات اور ٹیلی ویژن میں اِن دونوں افراد کا نام پڑ گیا:
McLible Two
سن 2005 کے دوران اس مقدمے نے انگریزی زبان کو جو مزیدار الفاظ دیئے ہیں ان پر بھی ایک نگاہ ڈال لی جائے۔
Mc Job
ایسی عارضی ملازمت جس میں کام تو بڑا سخت ہو لیکن معاوضہ انتہائی کم ملتا ہو۔ یعنی بے روزگار نوجوان کا مکمل استحصال کرنے والی ملازمت۔
Mc profits
کارکنوں کا استحصال کر کے کمایا جانے والا بے پناہ منافع، جسکے حصّول میں ماحولیاتی تباہی کو بھی خاطر میں نہ لایا جائے۔
Mc Mansion
ایسی وسیع و عریض رہائشی عمارت جو اپنے گردوپیش کی تعمیرات سے کوئی مطابقت نہ رکھتی ہو بلکہ مالک کے نو دولتئے پن اور خود نمائی کی علامت ہو۔
انگریزی ایک زندہ اور متحرک زبان ہے جس میں ہمہ وقت نئے الفاظ کا اضافہ ہوتا رہتا ہے یا پرانے الفاظ نئے مفاہیم کا لبادہ اوڑھتے رہتے ہیں۔ گذشتہ سال بھر کے دوران جو ہزاروں نئے الفاظ انگریزی میں شامل ہوئے ہیں اُن کا محض ایک چھوٹا سا نمونہ ہی یہاں پیش کیا جا سکا ہے۔