|
غزہ سے اسرائیلی انخلاء | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
یہ غزہ سے اسرائیلی انخلاء کے بارے میں دو فلسطینیوں کے تاثرات ہیں: عبداللہ الغزاوی، غزہ کی پٹی
’میں غزہ سے اسرائیلی انخلاء کے حق میں ہوں، مگر یہ عمل صرف غزہ تک ہی محدود نہیں رہنا چاہیے۔ اسرائیل نے غزہ سے انخلاء کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیوں کہ غزہ کی پٹی میں تقریباً ڈیڑھ ملین لوگ نہایت ہی محدود علاقے میں رہتے ہیں۔ اسرائیلی حکومت خود کو غزہ اور اس کے مسائل سے بچانا چاہتی ہے اور ساتھ ہی بین الاقوامی برادری کو یہ یقین دلانا چاہتی ہے کہ وہ امن کے لیے سنجیدہ اقدام کر رہی ہے۔ بہر حال وجہ جو بھی ہو مجھے اسرائیلی انخلاء سے خوشی ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس انخلاء کو غزہ تک ہی محدود رہنا چاہیے۔ یہ غرب اردن میں رہنے والے فلسطینیوں اور ان فلسطینیوں کے ساتھ نا انصافی ہوگی جو پناہ گزینوں کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انخلاء کے بعد اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ اسرائیل غزہ کو ایک جیل کی مانند نہ رکھے اور اس کی زمینی اور سمندری سرحدوں کو سیِل کر دے۔ غزہ میں معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘ اشرف ابو العرب، رملہ، غرب اردن
چھ ہزار سے بھی کم یہودیوں کے اس انخلاء پر میڈیا میں جو ہلچل مچ گئی ہے وہ حیران کن نہیں ہے کیونکہ اس سے اسرائیل کے تاریخی رویے کی عکاسی ہوتی ہے۔ اسرائیل ہمیشہ اپنے بڑے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے چھوٹی سی قربانیاں دیتا رہا ہے۔ غزہ سے انخلاء کا منصوبہ داخلی، عرب اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی سازش ہے۔ اسرائیل گنجان آبادی والے اس علاقے سے جان چھڑانا چاہتا ہے تاکہ وہ غرب اردن پر اپنی پکڑ مزید مضبوط کر لے۔ غرب اردن معاشی، تاریخی اور سیاسی اعتبار سے زیادہ اہم علاقہ ہے۔ غزہ سے نکالے جانے والے یہودی آبادکاروں کو غرب اردن منتقل کر دیا جائے گا۔ ہمیں اسرائیل کے سابق وزیر اعلی موشے دیان کے یہ الفاظ یاد رکھنے چاہئیں : ’کاش کہ میں ایک صبح جاگوں اور غزہ کو سمندر لے ڈوبا ہو۔‘ جہاں تک فلسطینی قیادت کا سوال ہے، تو شاید وہ غزہ سے اسرائیلی انخلاء کے بارے میں خوش ہوں۔ ہو سکتا ہے کہ اس سے عربوں، فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان تعلقات بہتر ہو جائیں، مگر اس انخلاء کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے اور دس سال لگ جاییں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||