BBCUrdu.com
  •    تکنيکي مدد
 
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
 
وقتِ اشاعت: Thursday, 04 December, 2008, 15:33 GMT 20:33 PST
 
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئے   پرِنٹ کریں
بھارتی ایجنسیاں، نظام تباہ ہو رہا ہے
 

 
 
ممبئی
مقامی پولیس اور انٹیلیجینس ایجنسیاں اہم معلومات پرکارروائی کرنے میں ناکام رہیں۔

بھارت کے شہر ممبئی میں خونریز حملوں کی ذمہ داری ایک ووسرے پر ڈالنے کے لیے وہی گھسے پٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان حملوں پر ردِ عمل نہایت ’غیر پیشہ ورانہ، سست اور کمزور‘ تھا۔

بھارتی انٹیلیجینس ایجنسیاں کہہ رہی ہیں کہ انہوں نے حملوں کے حوالے سے مہاراشٹر حکومت کو لگ بھگ چھ مرتبہ وارننگ دی تھیں۔

ان انٹیلیجینس رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر حکومت کو متنبہ کیا گیا تھا کہ ممبئی کے مشہور مقامات پر، جن میں تاج ہوٹل بھی شامل ہے، حملوں کی تیاری کی جا رہی ہے۔

لیکن ممبئی حکام کا کہنا ہے کہ ان کو کوئی وارننگ نہیں ملی۔ مہاراشٹر کے سیکریٹری داخلہ کا کہنا ہے ’یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم کو یہ خفیہ معلومات ملی ہوں اور ہم ان پر رد عمل نہ کریں۔‘

لیکن سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال کے آغاز میں شمالی بھارت سے گرفتار کیے گئے بھارتی اور پاکستانی لوگوں پر مشتمل گروہ نے تحقیقات کے دوران انکشاف کیا کہ پاکستان میں قائم تنظیم کے لوگوں نے ممبئی کے اہم مقامات کا جائزہ لیا ہے۔ انٹیلیجینس ایجنسیوں نے شدت پسندوں کے مابین ممبئی پر حملوں کے حوالے سے بات چیت بھی خفیہ طور پر سنی تھی۔

تاہم مقامی پولیس اور انٹیلیجینس ایجنسیاں ان اہم معلومات پر کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔ یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اہم معلومات بر وقت متعلقہ حکام کو فراہم نہیں کی گئی۔

سینٹرل اور ریاستی حکام ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتے رہتے ہیں کہ معلومات کا تبادلہ نہیں کیا گیا۔ یہ اس ملک میں ہوا ہے جہاں آدھا درجن سے زائد بڑے دہشت گردی کے واقعے ہو چکے ہیں۔

ممبئی حملے اور اس کے بعد کے واقعات ایک بار پھر بھارت کے اندرونی سکیورٹی نظام اور حکومت کے سول اور سکیورٹی اداروں میں کمزور روابط کی نشاندھی کرتے ہیں۔

اس حوالے سے ایک مثال یہ ہے کہ حملوں کے چھ روز بعد بھی ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کی تعداد صحیح معلوم نہیں ہو سکی اور پولیس اور ہسپتال میں کوئی ربط نہیں ہے۔

اس کے علاوہ جو بڑی پریشان کن بات ہے وہ یہ ہے کہ پولیس مالی وسائل اور تربیت کی عدم فراہمی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہے۔ ان کی تنخواہیں، نگرانی کرنے کے آلات، ناکافی فارینسک لیباریٹری اور پرانے ہتھیار ان کی کارکردگی کے حوالے سے منہ بولتا ثبوت ہیں۔

سکیورٹی ماہر پروین سوامی کا کہنا ہے ’ممبئی حملوں سے یہ بات عیاں ہو گئی کہ پورا نظام تباہی کی طرف جا رہا ہے۔ ستر کی دہائی میں تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق پولیس کے پاس نفری اور ہتھیار ہیں۔‘

بھارتی فوج کے بر عکس پولیس فورس دوسری جنگ عظیم کے ہتھیاروں سے لیس ہے

ایک مقامی پولیس افسر نے مانا کہ حملہ آوروں کا سمندر کے ذریعے ممبئی پہنچنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ساحل پر نگرانی نہ ہونے کے برابر ہے۔ پولیس کے پاس چند لانچ ہیں لیکن کوئی راڈار نہیں۔

بھارت کی دیگر پولیس فورس کی طرح ممبئی پولیس بھی دوسری جنگ عظیم کے ہتھیاروں سے لیس ہے۔ کئی ریاستوں میں ایک پولیس والے کی تنخواہ میونسپل ورکر کے برابر ہے۔

بجٹ نہ ہونے کی وجہ سے ڈیوٹی پر تعینات پولیس والوں کو کھانا فراہم نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے وہ سڑک پر لگے ڈھابوں سےمفت کا کھانا نکلواتے ہیں۔

بلٹ پروف جیکٹ بھی کم تر کوالٹی کی ہوتی ہیں اور فون پر ہونے والی باتوں کو سننے کے لیے آلات بھی ناکارہ ہیں۔

بھارت کی کمانڈو فورس بھی کچھ اچھے حالات میں نہیں ہیں۔

سات ہزار چار سو نفری پر مشتمل نیشنل سکیورٹی گارڈز کا دہلی میں قیام ہے۔ ماہرین کے مطابق زیادہ تر کمانڈو اہم شخصیات کی حفاظت پر تعینات ہیں۔

ملک کی بہترین فورس کے پاس اپنا جہاز بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے ان کو کہیں بھی پہنچنے میں کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں۔

پروین سوامی کا کہنا ہے ’عموماً کمانڈو فورس کو موقع پر پہنچنے اور کارروائی شروع کرنے میں چھ سے سات گھنٹے لگ جاتے ہیں اور کئی بار تو اس سے بھی زیادہ دیر لگی۔‘

ان کا کہنا ہے کہ کمانڈو فورس کی تربیت بھی اطمینان بخش نہیں۔ ’ان کی تربیت ایسی نہیں کہ ممبئی حملوں کی طرح کئی مقامات پر کارروائی کر سکیں۔‘

ان کی تربیت میں کمی کی ایک وجہ یہ ہے کہ ممبئی جیسے حملے کبھی کبھار ہوتے ہیں۔ سکیورٹی ماہر اجے ساہنی کا کہنا ہے کہ اسی لیے اس کی کارروائی اتنی خراب تھی۔ ’دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔‘

’عموماً کمانڈو فورس کو مقام پر پہنچنے اور کارروائی شروع کرنے میں چھ سے سات گھنٹے لگ جاتے ہیں اور کئی بار تو اس سے بھی زیادہ دیر لگی‘

ممبئی حملوں کے بعد مقامی حکومت نے اعلان کیا کہ وہ اپنی کمانڈو فورس تشکیل دیں گےاور چار ماہ میں پانچ سو اہلکار تیار کیے جائیں گے۔

لیکن نیشنل سکیورٹی گارڈز کی ابتدائی تربیت کو چھ ماہ درکار ہوتے ہیں اور مہاراشٹر میں کوئی کمانڈو سینٹر نہیں ہے۔

اڑیسہ ریاست نے ماؤ نوازوں کے خلاف کارروائی کے لیے آٹھ ہزار پولیس اہلکار بھرتی کیے لیکن وہ چھ ماہ میں صرف تین سو پچاس اہلکاروں کو تربیت دے سکے۔

بہت ہی سست رفتار اور کاہل بیوروکریسی کی وجہ سے بھی پولیس فورس کو جدید اسلحے سے لیس کرنا بہت مشکل کام ہے۔ اتر پردیش پولیس کو نگرانی کے آلات درآمد کرنے میں چار سال لگے۔ جب تک یہ سامان آیا تو اس وقت تک یہ آلات تکنیکی طور پر پرانے ہو چکے تھے۔

ایک پولیس افسر نے تو ویب سائٹ سے اپنے کریڈٹ کارڈ پر ساٹھ ڈالر کا آلہ اپنی فورس کے لیے خریدا کیونکہ اگر بیوروکریسی کے ذریعے لینے کا انتظار کرتے تو سال نہیں تو مہینے لگا جاتے۔

بیوروکریسی کے کام کرنے کے طریقے سے انٹیلیجینس ایجنسیاں بھی نالاں ہیں۔

بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے پاس صرف دو عربی اور دو چینی زبان کے ماہرین ہیں۔ ان میں سے بھی ایک چینی زبان کے ماہر نوکری چھوڑ گئے ہیں کیونکہ تنخواہ کم ملتی ہے۔

اگر نظام بہتر نہیں کیا گیا تو بھارت دہشت گردوں کے لیے ایک نہایت ہی آسان ہدف بن جائے گا۔

 
 
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
 
 
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئے   پرِنٹ کریں
 

واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنس کھیل آس پاس انڈیاپاکستان صفحہِ اول
 
منظرنامہ قلم اور کالم آپ کی آواز ویڈیو، تصاویر
 
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>  
پرائیویسی ہمارے بارے میں ہمیں لکھیئے تکنیکی مدد