Wednesday, 18 April, 2007, 07:15 GMT 12:15 PST
ریاست اتر پردیش کی اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بدھ کو ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس مرحلے میں چار سو تین نشتوں پر مشتمل اسمبلی کی ستاون سیٹوں کے لیے پولنگ ہو رہی ہے جس کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس مرحلے میں رام پور، بریلی، پیلی بھیت، فرخ آباد، کنوج، مراد آباد اور بدایوں کے ان علاقوں میں انتخابات ہو رہے ہیں جہاں پچھلی بار حکمراں سماج وادی پارٹی نے اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ ملائم سنگھ یادو بدایوں میں گنّور حلقے سے میدان میں ہیں۔
تیسرے مرحلے میں کل 861 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ حفاظتی انتظامات کے طور پر تقریبا 66 ہزار نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گيا ہے۔ اس مرحلے میں تقریبا ڈیڑھ کروڑ رائے دہندگان ووٹ ڈالیں گے۔
اترپردیش کے اس علاقے میں مسلمانوں کی بھی خاصی آبادی ہے اور ان کے ووٹ اہم کردار ادا کریں گے۔ دوسرے مرحلے کے انتخابات کے نتائج کے مطابق حکمراں ملائم سنگھ کی جماعت سماج وادی پارٹی کی پوزیشن اچھی نہیں تھی جبکہ بی جے پی اس کے مقابلے میں بہتر حالت میں ہے۔
انتخابی کمیشن نے اس بار صاف اور شفاف انتخابات کے لیے سخت انتظامات کیے ہیں۔ اسی لیے اس بار سات مرحلوں میں انتخابات ہورہے ہیں اور شاید یہ پہلا موقع ہے جب یوپی میں بھی بغیر تشدد اور دھاندھلی کے انتخابات ہو رہے ہیں۔