Monday, 29 January, 2007, 09:33 GMT 14:33 PST
ہندوستان کے زیر انتظام جموں اور کشمیر میں پولیس کا کہنا ہےکہ سیکیورٹی دستوں اور شدت پسندوں کے درمیان تصادم میں کم سے کم دو فوجی ہلاک اور دو حفاظتی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
تصادم کا یہ واقعہ ضلع ڈوڈہ کے دور دراز کے پہاڑی علاقے کدرو میں پیش آیا ہے۔
جموں میں فوج کے ایک ترجمان کا کہنا ہےکہ اتوار کی شام کدرو میں بعض بڑے شدت پسندوں کے چھپے ہونے کی خبر کے بعد حفاظتی دستوں نے علاقے کا محاصرہ کیا تھا۔ جب حفاظتی دستے مشتبہ شدت پسندوں کی پناہ گاہ پر پہنچے تو شدت پسندوں نےفائرنگ شروع کردی اور اس کے بعد دونوں جانب سے گولیوں کے تبادلے شروع ہوگئے۔
گولی باری پیر کی صبح تک جاری رہی۔اس واقعے میں کوئی بھی شدت پسند ہلاک نہیں ہوا ہے۔
ایک دیگر واقعے میں ڈوڈہ ضلعے میں دولہستی ہائیڈرو ایلیکٹریک پروجکٹ میں زیر تعمیر سرنگ کے پتھر گرنے سے دو مزدور ہلاک اور دیگر بارہ زخمی ہوگئے ہیں۔
ایک اعلی پولیس اہلکار کے مطابق زخمیوں میں تین کی حالت نازک ہے اور انہیں جموں کی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیاہے۔ ان کا کہنا ہےکہ ملبہ اب بھی پوری صرح ہٹایا نہیں جا سکا ہے ۔ یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کوئی مزدور اس میں دبا تو نہیں رہ گیا ہے۔