|
سونیا گاندھی کی انتخابی مہم | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کانگریس کی صدر سونیاگاندھی نے ریاستی اسمبلی کے انتخابات کی مہم کا آغاز ریاست ہریانہ سےکیا ہے۔ محترمہ گاندھی نے اپنے پہلے دورے میں جمعہ کے روز چار جلسوں سے خطاب کیا اور کہا کہ اگر کانگریس اقتدار میں واپس آئی تو عوام کو بنیادی سہولیات ہر قیمت پر مہیا کی جائیں گی۔ ہریانہ کے نولتھا علاقے میں سونیا گاندھی نے اپنے پہلے جلسے سے خطاب کیا۔ان کا خطاب سننے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے انکا خیر مقدم کیا اور سونیا کے پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سونیا گاندھی نے کہا ’ اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو تعلیم، روزگار اور بجلی، پانی جیسی بنیادی سہولیات عوام کو ہر قیمت پر پہنچائی جائیں گی‘۔ انہوں نے ہریانہ کی موجودہ حکومت پر بھی نکتہ چینی کی اور خواتین کے بہت سے مسائل پر تشویش ظاہر کی۔ انکا کہنا تھا کہ’ ریاست میں بچیوں کی شرح پیدائش میں کمی آئی ہے کیونکہ لڑکیوں کو پیدا ہوتے ہی مار دیا جاتاہے۔ ایک ماں ہونے کی حیثیت سے میں اس درد کو بخوبی سمجھ سکتی ہوں‘۔ انہوں نے کہا کانگریس حکومت خواتین کو برابر مواقع فراہم کرے گي۔ سونیا نے پہلے دن پہاول، باؤل اور نوح میں بھی جلسوں سے خطاب کیا۔ پروگرام کے مطابق ہفتے کو وہ بھیوانی جائیں گي۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ہریانہ میں کانگریس کے حوصلے کافی بلند ہیں۔وہاں پارٹی کی پوزیشن بھی کافی بہتر ہے لیکن سونیا گاندھی کے اس دورے سے کانگریس کارکنان کے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||