|
ٹاٹا کی حصص بازار میں ہلچل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی ٹاٹا کنسلٹینسی سروسز (ٹی سی ایس) کے شیرز کی خریدو فروخت (آئی پی او) ممبئی سٹاک ایکسچینج پر شروع ہو گئی ہے۔ یہ بھارت میں اپنی طرح کی پہلی خریدوفروخت ہے۔ یہ خریدوفروخت 5 اگست تک چلے گی اور خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے ذریعے ٹی سی ایس تقریباً پچاس سے ساٹھ ملین روپے بنائےگی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ان پیسوں کا استعمال ٹیلیکام سیکٹر میں کیا جائےگا۔ ٹی سی ایس کے مقابل وپرو اور انفوسیس کمپنیاں ہیں جو پہلے سے ہی ممبئی سٹاک ایکسچینج پر درج ہیں۔ خریدوفروخت کے پہلے ہی دن پچاس فیصد شیرز کے لیے بولیاں لگائی گئیں۔ خریداروں میں زیادہ تر بڑے سرمایہ کار تھے جن کے لیے پچپن ملین شیرز میں سے پچاس فیصد خاص طور پر رکھے گئے تھے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ چھوٹے سرمایہ کار ایک یا دو روز میں شیرز خریدنا شروع کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ خریدوفروخت کے پہلے دن عام طور پر صرف بڑی کمپنیاں ہی سامنے آتی ہیں اور ایک دو دن بعد چھوٹے سرمایہ کار شیرز خریدنا شروع کرتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پچیس فیصد شیرز چھوٹے سرمایہ کاروں کے لیے مخصوص رکھے گئے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس آئی پی او کی کامیابی بھارت کے آئی ٹی سیکٹر کے لیے مفید ثابت ہوگی اور ٹی سی ایس کی کامیابی اسے عالمی سطح پر نمایاں کر دے گی۔ ٹی سی ایس ٹاٹا گروپ کا حصہ ہے اور اس کی بنیاد 1968 میں ڈالی گئی تھی۔ اس کے دفاتر دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں اور یہ تقریباً 28000 لوگوں کو روزگار فراہم کرتی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||