|
امریکہ نے فرنانڈس سے معافی مانگی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ کے نائب وزیر خارجہ رچرڈ آرمٹیج نے بھارت کے سابق وزیر دفاع جارج فرنانڈس کی امریکہ میں دو بار ہونے والی جامہ تلاشی کے معاملے میں ان سے معافی مانگی ہے۔ رچرڈ آرمٹیج بھارت کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ میں نے اپنے دوست جارج فرنانڈس کو گاڑی سے ہی فون کیا اور ان سے کہا کہ میں اس بارے میں ان سے معافی مانگتا ہوں۔‘ دلّی میں مقیم امریکہ کے سفارت خانے نےبدھ کو اس بات کا اعتراف کیا کہ فرنانڈس کے امریکہ دورے کے دوران کچھ ’سفارتی آداب‘ کو پوری طرح نہیں نبھایا گیا تھا اور اس وجہ سے فرنانڈس سے معافی مانگ لی گئی تھی۔ امریکہ کے سابق نائب وزیر خارجہ سٹروب ٹالبرٹ کی ایک کتاب میں امریکہ میں داخل ہوتے ہوئے فرنانڈس کئے تلاشی کی جانے کا ذکر تھا۔ ٹالبرٹ کے مطابق فرنانڈس نے انہیں بتایا تھا کہ امریکہ میں داخل ہونے کے وقت اور وہاں سے نکلنے کے وقت ان کی جامہ تلاشی کی گئی تھی۔ دلّی میں امریکہ کے سفارت خانے کی ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ’ وزیر خارجہ کی جامہ تلاشی نہیں کی گئی تھی مگر میٹل ڈٹیکٹر سے گزرنے کے بعد ان کی جیب میں چابی ہونے کی وجہ سے ان کی تھوڑی اور تلاشی کی گئی تھی۔‘ اس وقت امریکہ میں بھارت کے سفیر للت مان سنگھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے حفاظتی عملے سے اس بارے میں اپنی مخالفت کا اظہار کیا تھا مگر ان کا کہنا تھا کہ وہ اس میں ان کی کوئی مدد نہیں کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیر دفاع کوئی بم لےکر نہیں گھوم رہے تھے اور ان کی جامہ تلاشی غیر ضروری تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||