بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترِ خارجہ طلبی

ریڈیو پاکستان کے مطابق کانگریس پارٹی کے یوتھ ونگ کے کارکنوں نے پاکستانی ہائی کمیشن میں اندر داخل ہونے کی کوشش کی
،تصویر کا کیپشنریڈیو پاکستان کے مطابق کانگریس پارٹی کے یوتھ ونگ کے کارکنوں نے پاکستانی ہائی کمیشن میں اندر داخل ہونے کی کوشش کی

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کانگرس پارٹی کے یوتھ ونگ کے کارکنوں کی جانب سے پاکستانی سفارت خانے پر ’حملے‘ کے بعد پاکستان نے اسلام آباد میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترِخارجہ طلب کیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق بدھ کو پاکستانی دفترِخارجہ میں ہونے والے میٹنگ میں بھارتی ہائی کمشنر کو بتایا گیا کہ پاکستانی ہائی کمیشن اور پاکستان ہاؤس کو سکیورٹی فراہم کرنا بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستانی دفترِ خارجہ نے بھارت میں پاکستانی سفارتی عملے کی سکیورٹی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

<link type="page"><caption> بھارت کی جانب سے دراندازی کا الزام، پاکستان کی تردید</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/india/2013/08/130806_border_attack_tim.shtml" platform="highweb"/></link>

ریڈیو پاکستان نے دفترِ خارجہ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ نئی دہلی میں مظاہرین پاکستانی ہائی کمشنر کے باہر جمع ہوئے اور انھوں نے پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی۔

سرکاری ریڈیو کے مطابق کانگریس پارٹی کے یوتھ ونگ کے کارکنوں نے پاکستانی ہائی کمیشن میں اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔

نئی دہلی میں بی بی سی کے نامہ نگار سہیل حلیم کے مطابق کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب پانچ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے خلاف بھارت میں شدید ردِ عمل کا سلسلہ جاری ہے اور بدھ کو مظاہرین نے نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے قریب پاکستان مخالف نعرے بازی کی۔

اس سے پہلے پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن نے ہاٹ لائن پر ایک دوسرے سے رابطہ کیا۔ یہ رابطہ بھارت کی جانب پاکستان پر در اندازی کے الزامات عائد کرنے کے تناظر میں کیا گیا تھا۔

پاکستان نے بھارت سے بھارتی فوجیوں کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے پانڈو سیکٹر میں پاکستانی فوجیوں پر مبینہ فائرنگ پر شدید احتجاج کیا تھا۔

یاد رہے کہ منگل کو بھارتی فوج نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی فوج نے در اندازی کر کے پانچ بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

عسکری ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے بدھ کی صبح ایک دوسرے سے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا جس میں حالیہ صورتِ حال پر بات کی گئی۔

پاکستانی فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل ندیم اشفاق نے سختی سے ان الزامات کی تردید کی کہ پاکستانی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر میں پانچ اور چھ اگست کی درمیانی شب دراندازی کر کے پانچ بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی ڈی جی ایم او نے بھارت کی جانب سے بدھ کے روز لائن آف کنٹرول کی اس خلاف ورزی پر بھارت سے شدید احتجاج کیا جس کے نتیجے میں دو پاکستان فوجی شدید زخمی ہوگئے تھے۔