’جاسوسی‘: بھارتی خاتون سفارتکارگرفتار

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنبھارت میں اس گرفتاری پر کافی تذکرے ہورہے ہیں
    • مصنف, شکیل اختر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی

ہندوستان کی پولیس نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات ایک خاتون سفارتکار مادھوری گپتا کو پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

تریپن سالہ سفارتکار مادھوری گپتا اسلام آباد میں ہندوستان کے ہائی کمیشن میں سیکنڈ سکریٹری کے عہدے پر مامور تھیں۔

انہیں سارک کے سربراہی اجلاس میں مدد کے بہانے دلی بلایا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق انہیں سنیچر کو دلی میں ان کی رہائش گاہ سےگرفتار کیا گیا۔

پولیس نے کل انہیں عدالت میں پیش کیا جہاں انہیں مزید پو چھ گچھ کے لیے یولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

بھارتی خفیہ سروس کے اہلکار مادھوری گپتا سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ ان کے خلاف سرکاری رازداری کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

وزارتِ خارجہ نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وشنو پرکاش نے ایک مختصر بیان میں کہا ’اسلام آباد میں واقع ہندوستان کے ہائی کمیشن میں تعینات ایک افسر، پاکستان کی خفیہ سروس کو اطلاعات فراہم کر رہی تھیں۔ اس وقت تفتیش جاری ہے اور متعلقہ اہلکار تفتیش کاروں سے تعاون کر رہی ہیں‘۔

مادھوری گپتا غیر شادی شدہ ہیں اور اسلام آباد میں واقع بھارتی ہائی کمیشن میں وہ انفارمیشن اور پریس کے شعبے سے وابستہ تھیں۔ ان کا تعلق انڈین فارن سروس سے ہے اور وہ اسلام آباد کے علاوہ کوالا لمپور میں بھی کام کر چکی ہیں۔ وہ اردو کی مترجم بھی تھیں اور بعض اطلاعات کے مطابق وہ دو سال سے زیادہ عرصے سے اسلام آباد میں تعینات تھیں۔

بھارتی خفیہ سروس کے اہلکار یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جاسوسی کے اس مبینہ معاملے میں کتنے لو گ ملوث رہے ہیں اورر کس نوعیت کی اطلاعات پاکستان کی خفیہ سروس کو ’فراہم‘ کی گئی ہیں۔

مبینہ جاسوسی کا یہ معاملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سارک ملکوں کا سربراہی اجلاس بدھ سے شروع ہو رہا ہے اور ہندوستان و پاکستان کے وزرائےاعظم تھمپو میں بدھ کو مذکرات کرنے والے ہیں۔