http://www.bbc.com/urdu/

Sunday, 19 September, 2004, 13:08 GMT 18:08 PST

میڈونا دیوارگریہ کی زیارت پر

دنیا کی مشہور پاپ سنگر میڈونا نے رات کی تاریکی میں یہودیوں کی مقدس ’دیوارِگریہ‘ پر حاضری دی تاکہ وہ اپنے منتظر فوٹوگرافروں سے بچ سکیں۔

میڈونا نے اتوار کو مقدس مقام پر حاضری کے دوران اپنی گاڑی سے ہی دیوار گریہ پر نظر ڈالی۔

اس سے پہلے میڈونا نے رات گئے یروشلم میں ایک قبرستان جا کر ایک یہودی روحانی پیشوا کی قبر پر بھی حاضری دی۔

میڈونا نے، جو یہودی روحانی تحریک کابالہ کی پیروکار ہیں، بدھ کو اسرائیل کے پانچ روزہ دورے کا آغاز کیا۔

یہودی سال کے آغاز کے سلسلے میں منائی جانے والی تقریبات میں شرکت کے لیے میڈونا اور ان کے اہلِ خانہ سمیت لاس اینجلس سے دو ہزار پیروکاروں نے شرکت کی۔

میڈونا نے اپنے شوہر گائے رچی کے ہمراہ، جو ایک فلمساز ہیں، اتوار کو نصف شب گزرنے کے بعد کریات شاؤل قبرستان میں یہودی مذہبی پیشوا رابی یہودہ اشلاگ کی قبر پر حاضری دی۔

میڈونا نے پتھر سے تعمیر شدہ مقبرے میں ایک گھنٹے سے زیادہ وقت گزارا، قبر پر موم بتیاں روشن کیں اور دعا مانگی۔

اس کے بعد یہ لوگ یہودیوں کے ایک مقدس ترین مقام دیوار گریہ کی طرف گئے لیکن میڈونا گاڑی ہی میں بیٹھی رہیں۔

اس جگہ نوجوانوں نے میڈونا کا ملا جلا استقبال کیا۔ بعض کا کہنا تھا کہ ’میڈونا کو یہاں آنے کا کوئی حق نہیں۔‘