سلمان کی ساتویں فلم کا سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس

،تصویر کا ذریعہSajid Nadiadwala
عید کے موقعے پر ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’کک‘ کو ہر چند کہ فلم ناقدین نے مسترد کردیا تھا لیکن وہ اس سال کی کامیاب ترین فلم ثابت ہو رہی ہے۔
فلم بزنس کے ماہرین کے مطابق سلمان خان کی فلم ’کک‘ نے ریلیز ہونے کے اپنے پہلے پانچ دنوں میں ہی 126.89 روپے کا کمائی کی ہے۔
یہ بات اپنے آپ میں دلچسپی سے خالی نہیں کہ یہ سلمان خان کی ساتویں ایسی فلم ہے جس نے سو کروڑ سے زیادہ روپے کی کمائی کی ہے۔ اور اس کے ساتھ اس طرح کی کامیابی حاصل کرنے والے وہ پہلے اور اکلوتے اداکار ہیں۔
ویسے بھی سلمان خان کے بارے میں ناقدین کوئی تنقید کرنے سے پرہیز کرتے ہیں کیونکہ بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکٹ‘ عامر خان کے مطابق سلمان خان ایسے اداکار ہیں جو اپنے بل بوتے پر فلم کو ہٹ کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
فلم ’کک‘ نے پہلے چار دن میں 98 کروڑ روپے کما لیے تھے۔ منگل کو عید تھی اور اس دن فلم نے 28.89 کروڑ روپے کمائے۔
فلم کک پر تبصرہ کرتے ہوئے فلم ناقد مینک شیکھر نے کہا تھا کہ سلمان خان کی فلم میں سلمان خان کے علاوہ کچھ اور نہیں ہوتا ہے اور اس میں ایک بات مختلف یہ ہے کہ انھوں نے اپنی شرٹ نہیں اتاری ہے۔
اس فلم میں سلمان کے ساتھ جیکلین فرنانڈیز اور نوازالدین صدیقی ہیں۔
’جے ہو‘

،تصویر کا ذریعہSohail Khan
اس سے پہلے اسی سال ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم جے ہو‘ نے فلم بزنس کے ماہرین کے مطابق 116 کروڑ روپے کمائے تھے۔ حلانکہ اس فلم کے بارے میں کہا گیا تھا کہ یہ سلمان خان کی شہرت کے مطابق کمائی نہیں کر سکی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’دبنگ 2‘

،تصویر کا ذریعہArbaz Khan Production
سنہ 2012 کے دسمبر میں ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’دبنگ 2' نے باکس آفس پر قریب 155 کروڑ روپے کمائے تھے۔
فلم ’دبنگ' 2 کے ڈائریکٹر سلمان کے چھوٹے بھائی ارباز خان تھے۔
’ایک تھا ٹائیگر‘

،تصویر کا ذریعہYashraj Films
15 اگست سنہ 2012 کو ریلیز ہونے والی قطرینہ کیف اور سلمان خان کی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ نے تقریبا 198 کروڑ روپے کمائے۔ یہ پہلا موقع تھا جب سلمان نے یشراج بینر کی کسی فلم میں کام کیا۔ فلم کے ہدایتکار تھے کبیر خان تھے۔
’باڈی گارڈ‘

،تصویر کا ذریعہReliance
اگست سنہ 2011 میں ریلیز ہونے والی سلمان خان اور کرینہ کپور کی فلم ’باڈی گارڈ‘، نے مجموعی طور 148 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔
’ریڈي‘

،تصویر کا ذریعہSohail Khan Production
جون سنہ 2011 میں ریلیز ہونے والی سلمان خان اور اسین کی فلم ’ریڈي‘ فلم نے باکس آفس پر تقریبا 120 کروڑ روپے کمائے۔
’دبنگ‘

،تصویر کا ذریعہstarplus
ستمبر سنہ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دبنگ‘ سلمان خان کی پہلی فلم تھی جس نے سو کروڑ روپے کا ہندسہ پار کیا تھا۔ فلم نے مجموعی طور پر کل 138 کروڑ روپے کمائے۔
تاہم ابھی تک سب سے زیادہ کمائی کے معاملے میں ریکارڈ عامر خان کی ’دھوم تھری‘ کا ہے جس نے پانچ سو کروڑ سے زیادہ کمائی کی۔







