رجنی کانت نروس، کرشمہ کی طلاق

رجنی کانت جنوبی ہند کے سپرسٹار ہیں اور سوناکشی سنہا کے والد کے دوست بھی ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنرجنی کانت جنوبی ہند کے سپرسٹار ہیں اور سوناکشی سنہا کے والد کے دوست بھی ہیں

جنوبی ہند کے معروف سپر سٹار رجنی کانت کا کہنا ہے کہ وہ خود کو سوناکشی سنہا کے سامنے نروس محسوس کرتے ہیں۔

اپنی نئی آنے والی فلم لنگا کے سیٹ پر سوناکشی سنہا پہنچتی ہیں اور براہ راست رجنی کانت کی طرف بڑھتے ہوئے کہتی ہیں: ’سر، آپ کے ساتھ کام کرنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے لیکن اس کے ساتھ ہی میں بہت نروس (گھبرائی ہوئی) بھی ہوں۔‘

یہ بات سن کر رجنی کانت کہنے لگے: ’ارے ، نروس تو میں ہوں۔ تم میرے دوست کی بیٹی ہو اور میں تمہارے ساتھ اس فلم میں ہیرو ہوں۔‘

اس مکالمے نے دونوں کی گھبراہٹ دور کر دی۔

سوناکشی سنہا نے فلم ہالی ڈے کے بارے میں باتیں کرتے ہوئے میڈیا کو رجنی کانت کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کا ذکر کیا۔

رجنی کانت اور سوناکشی سنہا کے والد شتروگھن سنہا اچھے دوست ہیں اور دونوں نے 80 کی دہائی میں بعض فلموں میں اکٹھے کام بھی کیا ہے۔

رجنی کانت ایشوریہ کے ساتھ فلم روبوٹ میں
،تصویر کا کیپشنرجنی کانت ایشوریہ کے ساتھ فلم روبوٹ میں

رجنی کانت اس سے پہلے ایشوریہ رائے بچن کے ساتھ فلم ’روبوٹ‘ میں کام کر چکے ہیں۔ ایشوریہ رجنی کانت کے قریبی دوست امیتابھ بچن کی بہو ہیں۔

رجنی کانت کے بارے میں سوناكشي کہتی ہیں: ’وہ تو حیرت انگیز ہیں۔اتنے بڑے سٹار ہیں لیکن ان کا برتاؤ تمام لوگوں کے ساتھ یکساں ہے۔ وہ سب سے بڑے خلوص کے ساتھ ملتے ہیں۔‘

سوناكشي نے بتایا: ’جب وہ گاڑی سے جاتے ہیں تو چاہے کتنے بھی مداح انھیں کیوں نہ گھیر لیں، وہ گاڑی کا شیشہ نیچے گرا کر سب لوگوں کو ہاتھ جوڑ کر نمستے کرتے ہیں۔ شاید اسی وجہ سے وہ اتنے بڑے سٹار ہیں اور اب بھی ان کی کامیابی کا سفر جاری ہے۔‘

کرشمہ اور سنجے کپور میں طلاق

کرشمہ کپور اپنے شوہر سنجے کپور سے الگ ہو گئی ہیں
،تصویر کا کیپشنکرشمہ کپور اپنے شوہر سنجے کپور سے الگ ہو گئی ہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ اور کپور خاندان کی چشم و چراغ کرشمہ کپور نے طلاق لے لی ہے۔ وہ کئی برسوں سے اپنے صنعت کار شوہر سنجے کپور سے الگ رہ رہی تھیں اور دونوں کے درمیان حالات کشیدہ تھے۔

ممبئی کی باندرہ کورٹ میں دونوں کی باہمی رضامندی کے بعد کورٹ نے طلاق کو منظوری دے دی۔

اس موقعے پر کرشمہ کپور کی بہن کرینہ کپور اور ان کے شوہر سیف علی خان بھی موجود تھے۔

اطلاعات کے مطابق عدالت ہی میں دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی اور سیف علی خان نے دونوں سے علیحدہ علیحدہ بات کی اور معاملہ کسی طرح طے پا گیا۔

کرشمہ اور سنجے دونوں ہی بچوں کو اپنی تحویل میں رکھنا چاہتے تھے لیکن عدالت نے کرشمہ کو بچوں کی نگہداشت کا حق دے دیا۔ تاہم سنجے کو اپنے بچوں سے وقتاً فوقتاً ملنے کا حق حاصل ہوگا۔

فی الحال طلاق کے عوض معاوضے کے بارے میں کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔