نصیر نانا ساتھ ساتھ اور کنگنا کی جھولی میں نئی فلم

انوراگ کا خیال ہے کہ ایک ہی دن اگر دو بڑی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں تو دونوں کا نقصان ہوگا
،تصویر کا کیپشنانوراگ کا خیال ہے کہ ایک ہی دن اگر دو بڑی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں تو دونوں کا نقصان ہوگا

فلم ساز انوراگ کشیپ اپنے قریبی دوست اور ہدایت کار راجکمار ہیراني اور عامر خان سے مبینہ طور پر ناراض ہیں۔

دراصل کچھ دنوں پہلے ہی عامر اورراجکمار ہيراني نے اپنی آنے والی فلم ’پی کے‘ کو جون سے آگے بڑھا کر کرسمس کے موقعے پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا اور اسی بات سے انوراگ خفا ہیں۔

رنبیر کپور اور انوشكا شرما کی اداکاری والی اپنی فلم ’بامبے ویلویٹ‘ کو انوراگ بھی کرسمس پر ریلیز کرنا چاہتے ہیں۔

انوراگ نے کہا: ’بس ایک فون کال کی ضرورت تھی۔ مجھے تکلیف ہوئی کیونکہ راجکمار میرا دوست ہے، اس نے مجھے بتایا نہیں کہ اس کا ایسا کوئی منصوبہ ہے۔ فی الحال میں اپنی فلم پر فوکس کر رہا ہوں۔‘

انوراگ کا خیال ہے کہ ایک ہی دن اگر دو بڑی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں تو دونوں کا نقصان ہوگا۔

نصیر الدین شاہ اور نانا پاٹیکر ایک ساتھ

نصیرالدین اور نانا پاٹیکر اپنے مختلف انداز کے لیے پسند کیے جاتے ہیں

،تصویر کا ذریعہpr

،تصویر کا کیپشننصیرالدین اور نانا پاٹیکر اپنے مختلف انداز کے لیے پسند کیے جاتے ہیں

نانا پاٹیکر اور نصیر الدين شاہ کا دور حاضر کے بہترین اداکاروں میں شمار ہوتا ہے لیکن پردۂ سیمیں پر دونوں کی اداکاری کے جلوے ایک ساتھ بہت کم آئے ہیں۔

دونوں نے شاذو نادر ہی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے اور ان میں بھی ان دونوں فنکاروں کے آمنے سامنے کے مناظر بہت کم ہیں۔

اب نانا اور نصیر کے مداحوں کو ان دنوں فنکاروں کو اکٹھے دیکھنے کا موقع مل سکے گا۔ انیس بزمي کی آنے والی فلم ’ویلکم بیک‘ کے لیے نصیر الدین شاہ نے ہاں کر دی ہے۔

’ویلکم بیک‘ سنہ 2007 میں آنے والی فلم ’ویلکم‘ کا سيكول ہے۔ اس میں بھی نانا پاٹیکر اور انیل کپور کا اہم کردار ہوگا اور اس میں نصیر الدین شاہ فیروز خان کا کردار ادا کریں گے۔

فلم میں اکشے کمار کی جگہ اہم کردار جان ابراہم ادا کریں گے۔

ودیا کی جگہ کنگنا راناوت

فلم کوئن میں کنگنا راناوت کی اداکاری کو فلم بین اور ناقدین دونوں نے پسند کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفلم کوئن میں کنگنا راناوت کی اداکاری کو فلم بین اور ناقدین دونوں نے پسند کیا ہے

فلم ’کوئن‘ میں اپنے اداکاری کے لیے تعریف و توصیف حاصل کرنے والی اداکارہ کنگنا راناوت کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ انھیں سوجے گھوش کی اگلی فلم میں اہم رول کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔

یہ کردار پہلے ودیا بالن ادا کرنے والی تھیں لیکن ان کے انکار کے بعد اب یہ کردار کنگنا کو مل گیا ہے۔ اس فلم کا نام ہے ’درگا رانی سنگھ‘۔

اس کے علاوہ کنگنا جلد ہی ایک اور فلم میں نظر آنے والی ہیں اور اس فلم کا نام ہے ’ریوالور رانی‘۔

رواں سال سات مارچ کو ریلیز ہونے والی فلم ’کوین‘ کو ناظرین اور ناقدین دونوں نے ہی بہت پسند کیا ہے۔

جبکہ اسی دن ریلیز ہونے والی مادھوری دیکشت اور جوہی چاولہ جیسی بڑی اور مقبول اداکاراؤں کی فلم گلاب گینگ کو زیادہ بزنس نہیں مل سکا۔