’شاہ رخ دلکش، سلمان نمبر ون اداکار ہے‘

گذشتہ بیس برسوں سے بالی وڈ پر حکومت کرنے والے اداکاروں میں کون نمبر ایک ہیں یہ مسئلہ ہمیشہ متازع ہی رہا ہے۔
لیکن اس بات سے تقریباً تمام فلم شائقین اور مبصرین اتفاق کرتے ہیں کہ عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان مسلمہ طور پر گذشتہ دو دہائیوں کے دوران بالی وڈ پر حکومت کرتے آئے ہیں۔
بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق عامر خان نے کہا ہے کہ بالی وڈ انڈسٹری میں ان لوگوں کی کامیابی کے پس پشت کوئی ’سربستہ فارمولا‘ نہیں ہے۔
ان کے مطابق سلمان نمبر ون اداکار ہیں تو شاہ رخ دلکش اداکار ہیں۔
عامر خان اگرچہ ہمیشہ سے فلم ناقدین کے پسندیدہ اداکار رہے ہیں تاہم انھیں شاہ رخ خان اور سلمان خان کی جانب سے زبردست مقابلے کا سمامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح کا مقابلہ کبھی دلیپ کمار، راج کپور اور دیوانند کے درمیان ہوا کرتا تھا۔
عامر خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہمارے ناظرین کے اعصاب پر سٹارز سوار ہوتے ہیں جبکہ فلم انڈسٹری میں معاملہ ایسا نہیں ہے۔

انھوں نے کہا ’فلم انڈسٹری میں معاملہ ایسا نہیں۔ ناظرین کو سٹارز سے قلبی لگاؤ ہوتا ہے اور یہ خراب بات نہیں ہے۔ میں بھی اسی زمرے میں ہوں۔ میں امیتابھ بچن، دلیپ کمار، وحیدہ رحمان، شمی کپور کا بہت بڑا مداح ہوں۔‘
’میرے خیال میں تفریح فراہم کرنے والوں کا ہمارے سماج میں بڑا کردار ہوتا ہے اور ہم عام طور پر انھیں کم شمار کرتے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ ہم سے کوئی بھی خواہ وہ سلمان ہوں یا شاہ رخ یا پھر میں کوئی بھی اتنے دنوں تک فلم انڈسٹری میں قائم رہنے کا راز جانتا ہو۔ کاش ہم یہ راز جانتے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ راز کسی سے پوشیدہ نہیں کہ بالی وڈ کے ان سپر سٹارز کے درمیان مقابلے نے تنازعات کی بھی شکل اختیار کی تھی لیکن حال میں ان میں کمی نظر آئی ہے۔
حال ہی میں ایک ٹی شو کے دوران سلمان خان نے شاہ رخ خان کے رومانس کے ہنر اور عامر خان کی سنجیدگی کی تعریف کی تھی۔ انھوں نےکہا تھا ’میرے حساب سے دوسرے اداکار مجھ سے زیادہ اچھے ہیں۔ رومانی انداز میں شاہ رخ خان کا کوئی مقابلہ نہیں، عامر جیسی لگن اور پرفیكشن کسی میں نہیں ہے۔‘
اڑتالیس سالہ ادارکار عامر خان نے کہا ’میرے خیال میں شاہ رخ خان سے لوگ بہت محبت کرتے ہیں، وہ بہت دلکش ہیں اور میں انھیں پردۂ سیمیں پر دیکھنا پسند کرتا ہوں۔ جب آپ انھیں دیکھتے ہیں تو آپ کے چہرے پر مسکراہٹ چھا جاتی ہے۔
مجھے ان کی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ پسند ہیں۔ میں نے ان کی فلم ’چک دے‘ کی بہت تعریف سنی ہے۔ یہ ایک فلم ہے جسے میں دیکھنا چاہوں گا۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے شاہ رخ خان نے ایک پریس کانفرنس میں عامر خان کی لگن اور پرفیکشن کی تعریف کی تھی۔
عامر خان نے سلمان خان کے بارے میں کہا ’میرے دل میں سلمان کے لیے ہمیشہ سے محبت اور گرمجوشی رہی ہے۔ وہ مجھے پسند ہے، میں اسے چاہتا ہوں۔ میں ذاتی طور پر یہ محسوس کرتا ہوں کہ وہ مجھ سے بڑا اداکار ہے کیونکہ وہ اپنی قوت پر فلم کو آگے لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میرے خیال میں مجھ میں وہ صلاحیت نہیں ہے اور اس کا اعتراف کرنے میں مجھے ذرا بھی جھجھک نہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا ’میرے خیال سے سلمان ہر چیز کر سکتا ہے اور میرے مطابق وہ حقیقی نمبر ون ہے۔‘
عامر خان اور سلمان خان نے ایک ساتھ فلم ’انداز اپنا اپنا‘ میں اداکاری کی تھی اس کے بعد سے دونوں ایک دوسرے کے ساتھ فلم بنانے کی تمنا کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
عام خان نے سنجے دت اور رنبیرکپور کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے سنجے دت کی ’منابھائی‘ سیریز اور رنبیر کی ’برفی‘ کو سراہا۔
عامر خان نے سنہ 1988 میں ’قیامت سے قیامت‘ تک فلم سے اپنے کیریئر کی شروعات کی اور آئندہ ہفتے ان کی فلم ’دھوم تھری‘ ریلیز ہونے والی ہے۔







