’لوگوں نے کہا شاعری کرو، اداکاری بھول جاؤ‘

جن جن لوگوں نے مجھ پر تنقید کی میں نے انھی لوگوں کے ساتھ کام کیا
،تصویر کا کیپشنجن جن لوگوں نے مجھ پر تنقید کی میں نے انھی لوگوں کے ساتھ کام کیا

بالی وڈ کے معروف اداکار اور سپر سٹار امیتابھ بچن جب فلموں میں اپنی جگہ بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے تو بعض لوگوں نے ان سے کہا تھا کہ ’تمہارے والد شاعر ہیں، جاؤ انھی کی طرح شاعری کرو۔ یہاں کہاں چلے آئے؟‘

امیتابھ بچن نے یہ راز ممبئی میں منعقدہ ایک پروگرام میں افشا کیا۔ وہ وہاں انفارمیشن سینٹر سے منسلک ایک کمپنی کے برانڈ کی پروموشن کے لیے آئے تھے۔

انھوں نے اپنے فلمی کریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا: ’میں جس کے پاس بھی کام مانگنے جاتا تو وہ کہتے تم بڑے دبلے پتلے اور لمبے ہو۔ فلموں کے لیے مناسب نہیں ہو۔ کچھ اور کیوں نہیں کرتے؟ اداکار بننا بھول جاؤ۔‘

امیتابھ بچن نے کہا کہ اس تنقید کو انھوں نے اپنے لیے تحریک کے طور پر لیا اور لوگوں کو غلط ثابت کر کے دکھایا۔

انھوں نے کہا: ’جن جن لوگوں نے مجھ پر تنقید کی میں نے انھی کے ساتھ کام کیا۔‘

اسی موقعے سے انفارمیشن سنٹر سے منسلک ایک افسر نے بتایا کہ جب وہ کمپنی کی تشہیر کے لیے امیتابھ بچن کے پاس گئے تو انھوں نے ان کی مصنوعات کے بارے سوال کر کر کے ناک میں دم کر دیا۔

امیتابھ نے ان خبروں کی بھی تردید کی ہے کہ وہ اور اداکارہ ریکھا 32 برسوں کے بعد پھر سے کسی فلم میں نظر آئیں گے
،تصویر کا کیپشنامیتابھ نے ان خبروں کی بھی تردید کی ہے کہ وہ اور اداکارہ ریکھا 32 برسوں کے بعد پھر سے کسی فلم میں نظر آئیں گے

اس کی وجہ امیتابھ بچن نے کچھ یوں بتائی: ’دودھ کا جلا چھاچھ بھی پھونک پھونک کر پیتا ہے۔ تجارت کے ضمن میں میرا گذشتہ تجربہ بہت تلخ ہے اس لیے میں ہر قدم پھونک پھونک کر اٹھانا چاہتا ہوں۔‘

آدتیہ چوپڑا کی آنے والی فلم میں کام کرنے کے بارے میں ایک صحافی کے سوال پر امیتابھ بچن نے کہا: ’نہیں بھائی صاحب، ایسا تو کچھ بھی نہیں ہے، لیکن اگر آپ کی ان سے کوئی جان پہچان ہو تو میرے نام کی سفارش کر دیجیےگا ویسے بھی آج کل کام ملنے میں مشکل درپیش ہے۔‘

امیتابھ بچن کی آنے والی فلموں میں سدھیر مشرا کی ’پہلے آپ جناب‘ اور ’بھوت ناتھ -2‘ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ وہ سنجے دت پروڈکشن کی ایک فلم میں بھی کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس فلم میں وہ راج کپور کے سپر ہٹ نغمے ’کسی کی مسكراہٹوں پہ ہو نثار‘ پر اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

امیتابھ نے ان خبروں کی بھی تردید کی ہے کہ وہ اور اداکارہ ریکھا 32 برسوں کے بعد پھر سے کسی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔