20 سال تک شادی کا کوئی ارادہ نہیں:قطرینہ

بالی وڈ کی معروف اداکارہ قطرینہ کیف نے کہا ہے وہ آئندہ 20 برسوں تک شادی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔
اطلاعات کے مطابق رنبیر کپور اور قطرینہ کیف کی قربتوں کے بارے میں لوگوں میں بہت زیادہ دلچسپی پائی جاتی ہے۔
ایک جانب جہاں رنبیر کپور کی چچازاد بہن اور معروف اداکارہ کرینہ کپور نے حال ہی ایک شو کے دوران کہا تھا کہ وہ رنبیر اور قطرینہ کی شادی میں رقص کرنا چاہتی ہیں، وہیں قطرینہ کا کہنا ہےکہ ان کا فی الحال شادی کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔
ممبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قطرینہ کیف نے واضح طور پر کہا کہ وہ ’سنگل‘ ہیں اور آئندہ 20 برسوں تک ان کا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
جب قطرینہ کیف کو یہ بتایا گیا کہ کرینہ کپور ان کی اور رنبیر کی شادی پر ’چکنی چمیلی‘ اور ’شیلا کی جوانی‘ جیسے نغموں پر رقص کرنا چاہتی ہیں تو قطرینہ نے کہا کہ وہ بھی رنبیر کی شادی پر فلم ’بے شرم‘ کے گیت پر رقص کریں گی۔
جب قطرینہ سے یہ پوچھا گیا کہ کرن جوہر کے چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ کے دوران کرینہ نے انہیں ’بھابھی‘ کہا تو اس پر قطرینہ کا کہنا تھا کہ ’کرینہ صرف مذاق کر رہی تھیں کیونکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔‘
بالی وڈ کے شائقین کے ذہن میں یہ سوال بار بار اٹھ رہے ہیں کہ جب کرینہ کپور بہ بانگ دہل قطرینہ کیف کو اپنی بھابھی کہہ چکی ہیں تو پھر قطرینہ اور رنبیر کپور دونوں اس معاملے پر خاموش کیوں ہیں۔
اس سے قبل حال ہی میں قطرینہ کیف نے دبئی میں میڈیا سے واضح انداز میں کہا تھا کہ وہ اپنے تعلقات کے بارے میں کسی سوال کی جواب نہیں دیں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قطرینہ کیف کو دبئی کے اس دورے میں تین مختلف پروگراموں میں شامل ہونا تھا لیکن انھوں نے صرف دو پروگراموں ہی میں شرکت کی اور اس کے بعد انھوں نے اپنی ٹیم سے کہہ کر تمام انٹرویو منسوخ کرا دیے۔







