سلمان اور شاہ رخ خان کی دوستی ہو گئی

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ کے دو بڑے سٹارز کی ناراضگی کم ہو رہی ہے اور وہ ایک بار پھر سے دوستی کی راہ پر بڑھ رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سلمان خان اور شاہ رخ خان اتوار کو ایک افطار کے موقعے پر ایک دوسرے سے گلے ملے۔
اس افطار پارٹی کا اہتمام کانگریس رہنما بابا صدیقی نے کیا تھا۔
اس افطار کے دوران شروع میں دونوں نے ایک دوسرے کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی لیکن پھر بعد میں ہاتھ ملایا اور گلے بھی ملے۔

دوسری جانب ایک اخبار نے قطرینہ کیف کے اجمیر میں شیخ سلیم چشتی کی درگاہ کی زیارت کرنے کی خبر شائع کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق قطرینہ کیف اپنی ہر فلم کی ریلیز سے پہلے اس درگاہ کی زیارت کرتی ہیں۔
یہ زیارت گاہ اجمیر سے 35 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔
قطرینہ نے جمعرات کو درگاہ کی زیارت کی اور اس سے پہلے کہ لوگ انھیں پہچان پائیں وہ وہاں سے نکل آئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل بھی وہ درگاہوں پر جاتی رہی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ان کی درگاہ پر حاضری کے سلسلے میں متنازع بیانات بھی آئے تھے۔

بالی وڈ کے حوالے سے ایک خبر یہ بھی ہے کہ ماڈلنگ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی پونم پانڈے ایک بار پھر سے سرخیوں میں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ان کی پہلی فلم ’نشہ‘ کے بولڈ پوسٹرز کے خلاف ممبئی کے علاقے ماہم میں مظاہرے ہوئے اور ان کے پوسٹرز جلائے گئے ہیں۔
یہ واقعہ سنیچر کو پیش آیا۔ اس سے قبل بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی ان کی فلم کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق نئی دہلی کے شمال مغربی سیماپوری علاقے میں اس کے پوسٹرز کو نذر آتش کیا گیا اور تھانے میں شکایت بھی درج کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق پونم پانڈے نے اس پر افسوس ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر اس سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔







