بالی وڈ ڈائری: رنبیر اور عالیہ کے گھر شادی کے شادیانے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
اس ہفتے کی سب سے بڑی خبر رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی ہے۔ شادی کی تاریخ 14 اپریل بتائی جا رہی ہے۔ اس خبر کی تصدیق ہوتے ہی میڈیا اور سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہو گیا ہے۔
شادی میں مہمانوں کی ایک فہرست تو عالیہ اور رنبیر کے گھر والوں نے تیار کی ہی ہو گی لیکن ایک فہرست میڈیا نے بھی تیار کی ہے کہ کون مدعو ہو سکتا ہے اور کون نہیں۔
اب ہنی مون کے بارے میں عالیہ اور رنبیر کے اپنے منصوبے ہوں گے لیکن میڈیا والے اپنی مرضی سے ان کے ہنی مون کا پلان بنا رہے ہیں۔
غرض یہ کہ مہمانوں کی فہرست سے لے کر شادی سے پہلے اور شادی کے بعد کے منصوبوں تک پر قیاس آرائیاں ہونی شروع ہو گئیں ہیں۔
ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق شادی کی تقریبات 14 اپریل سے شروع ہوں گی اور بہت ہی نزدیکی رشتہ داروں کی موجودگی میں چیمبور میں کپور خاندان کے آبائی گھر پر شادی ہو گی۔
اسی گھر میں 1980 میں رنبیر کی ممی پاپا یعنی نیتو سنگھ اور رشی کپور کی شادی ہوئی تھی۔ پندرہ کی شام کو دونوں کے گھر والوں کے لیے ڈنر کا اہتمام ہو گا اور 16 اپریل کو رسیپشن ہوگا جس میں بالی ووڈ کی ہستیاں اور دونوں کے دوست و احباب شریک ہوں گے۔

،تصویر کا ذریعہProdip Guha
ماضی کی اداکارہ اور شاہد کپور کی ممی نیلما عظم نے حال ہی میں کہا ہے کہ بطور سنگل مدر اپنے دونوں بیٹوں شاہد اور ایشان کی پرورش کے بعد اب وہ سکون کی زندگی بسر کر سکتی ہیں۔
ای ٹائمز کو انٹر ویو میں نیلما نے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ تنہا بچوں کو پالنے کے عمل میں انھیں کئی مرتبہ مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب وہ اپنے بچوں کے کریئر کو آگے کامیابی کے ساتھ آگے بڑھتے دیکھ رہی ہیں اور شاہد کے بچوں کے ساتھ اچھا وقت گذارنا چاہتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نیلما عظیم کی پہلی شادی اداکار پنکج کپور سے ہوئی تھی اور شاہد کی پیدائش کے بعد دونوں میں علیحدگی ہو گئی اس کے بعد دنیلما نے اداکار راجیش کھٹر سے شادی کی جو نیلما کے دوسرے بیٹے ایشان کھٹر کے والد ہیں۔
دوسری شادی ٹوٹنے کے بعد نیلما کی زندگی میں گلوکار رضا علی خان نے قدم رکھا لیکن 2009 میں ان سے بھی علیحدگی ہو گئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہSUJIT JAISWAL
نیلما کا کہنا ہے کہ ان کی بہو ان کے خاندان کو جوڑے رکھنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔
شاہد کپور کی فلم 'جرزی‘ ریلیز کے لیے تیار ہے جس میں وہ اپنے پاپا پنکج کپور کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
اداکار سنجے دت کی فلم 'کے جی ایف، چیپٹر ٹو' کی ریلیز کا اعلان ہو چکا ہے اور اب سنجے فلم کی پروموشن میں مصروف ہیں۔
اسی دوران صحافیوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے انھوں نے انڈسٹری کی نوجوان نسل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نسل بہت میچیور ہے اور ان کے ساتھ کام کرنے میں لطف آتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سنجے سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا اس عمر میں وہ چھوٹی عمر کی اداکاروں کے ساتھ بطور ہیرو کام کرنا چاہیں گے تو جواب میں سنجے کا کہنا تھا کہ عمر ایک ایسی چیز ہے جس کے ساتھ آپ کو سمجھوتہ کر ہی لینا چاہیے اور یہ کہ وہ اپنی عمر کے لحاظ سے کردار کرنا پسند کرتے ہیں۔
اس سوال کے جواب میں کہ دوسرے ہیرو اپنی عمر کے حساب سے کردار نہیں کرنا چاہتے، جواب میں سنجے نے ہنستے ہوئے کہا کہ 'بھائی اب اس عمر میں میں عالیہ بھٹ کے ساتھ رومانس تو نہیں کرسکتا'۔
فلم کے جی ایف کا سیکوئل کے جی ایف چیپٹر ٹو 14 اپریل کو سنیما گھر میں ریلیز ہو رہا ہے۔









