شوبز ڈائری: سارہ علی خان کی اپنے والدین کی طلاق پر کھل کر بات، شاہ رخ خان کی فلم پٹھان اور لارا دتہ اندرا گاندھی کے کردار میں

،تصویر کا ذریعہHindustan Times
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
’مجھے نہیں لگتا کہ میرے ماں باپ ایک دوسرے کے ساتھ خوش تھے اس لیے اُس وقت علیحدہ ہونے کا ان کا فیصلہ بالکل درست تھا‘۔
اداکارہ سارہ علی خان نے اپنی ماں امرتا سنگھ اور پاپا سیف علی خان کی 2004 میں ہونے والی علیحدگی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ایک ساتھ ایک ہی چھت کے نیچے رہ کر خوش نہیں ہیں تو علیحدگی زیادہ بہتر ہے اس طرح آپ اپنی اپنی دنیا میں خوش رہ سکتے ہیں۔
ٹی وی شو 'فیٹ اپ ود دی سٹار' سیزن تھری کی نئی قسط میں سارہ نے اپنے والدین کے رشتے کے بارے میں کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ امرتا اور سیف نے ایک دوسرے سے علیحدہ ہو کر بہتر زندگی گذاری ہے حالانکہ وہ اور ان کا بھائی ابراھیم اپنی ماں کے ساتھ رہتے ہیں لیکن ان کے پاپا سیف ہمیشہ ان سے ایک فون کال کی دوری پر تھے اور انھوں نے باپ ہونے کے اپنے تمام فرائض انجام دیے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times
ان کا کہنا تھا ’ویسے بھی دوریاں محبت کو بڑھا دیتی ہیں۔‘
سارہ اکثر اپنے پاپا سیف اور بھائی ابراھیم، تیمور، اور جیہ کے ساتھ اپنی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئیر کرتی رہتی ہیں اور اپنے پاپا کی بیگم کرینہ کے ساتھ ان کے تعلقات بھی اچھے ہیں۔ سارہ آج کل اکشے کمار کے ساتھ فلم اترنگی کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

،تصویر کا ذریعہSUJIT JAISWAL
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لارہ دتہ بنیں گی اندرا گاندھی
سابق مس یونیورس اور اداکارہ لارہ دتہ اس ہفتے ٹوئٹر پر چھائی رہیں۔
چند روز پہلے ان کی فلم 'بیل بوٹم' کی شوٹنگ کی کچھ جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئیر کی گئیں جس میں لارا کو ملک کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے کردار میں ڈھالتے ہوئے دکھایا گیا۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times
فلم میں اکشے کمار بھی ہیں کہا جا رہا ہے کہ رجت ایم تیواری کی اس فلم کی کہانی 80 کی دہائی کے حقیقی واقعات پر مبنی ہے جس میں اس وقت کے ایک را ایجنٹ کے کارناموں کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
تصویروں اور ٹریلر سے لگتا ہے کہ انڈسٹری کے پوسٹر بوائے ایک بار پھر ایکشن اور جذبات سے بھرپور اس کردار کو نبھائیں گے۔
لارا اندرا گاندھی کے روپ میں مناسب کہی جا سکتی ہیں اب دیکھنا ہے کہ فلم میں اکشے کہاں اور کس کی جاسوسی کرتے نظر آییں گے اور لارا اندرا گاندھی کے کردار کے ساتھ کس حد تک انصاف کر پائیں گی۔
فلم 19 اگست کو ریلیز ہونے والی ہے اور اسے تھری ڈی میں بھی دیکھا جا سکے گا۔

،تصویر کا ذریعہSUJIT JAISWAL
شاہ رخ خان کی فلم’پٹھان‘ کا انتظار اور طویل
جاسوسی کی فلموں کا سلسلہ بالی ووڈ میں کافی پرانا ہے۔
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی فلم 'زیرو' کے باکس آفس پر منھ کے بل گرنے کے بعد ایک بار پھر اٹھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کی اگلی فلم پٹھان کا سب کو بے صبری سے انتظار ہے جس میں وہ بھی 'را' ایجنٹ کے کردار میں ایک خاص مشن پر ہوں گے۔
فلم کی شوٹنگ تو کافی پہلے شروع ہو چکی تھی لیکن کووڈ کے سبب اس میں تاخیر ہوتی جا رہی ہے۔ اب یہ فلم 2022 میں ریلیز ہوگی۔

،تصویر کا ذریعہ-
فلم کئی وجوہات کے سبب سرخیوں میں ہے سب سے زیادہ دلچسپی اس فلم میں سلمان خان کے کیمیو کو لے کر ہے اور اب فلم میں اداکار آشو توش رانا بھی شامل ہو چکے ہیں۔
جان ابراھیم کا کردار ایک کرائے کے دہشت گرد کا بتایا جا رہا ہے جبکہ ڈمپل کپاڈیہ بھی ایک را افسر کے کردار میں نظر آئیں گی۔
ویسے را نے اصل زندگی میں شاید اتنے مشن نہ کیے ہوں جتنے بالی ووڈ کے ہیرو اور ہیروئنز نے را ایجنٹ بن کر بڑے پردے ہر کیے ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ اب اس پرانی بوتل میں اب کونسی نئی شراب پیش کی جائے گی۔










