کوک سٹوڈیو 2020: نئے سیزن کی پہلی قسط کے گانوں پر سوشل میڈیا پر ردعمل

کوک سٹوڈیو

،تصویر کا ذریعہAli Shah

کہنے والے کہتے ہیں کہ پاکستان میں گذشتہ 12 برسوں سے چار روایتی موسموں کے علاوہ ایک اور موسم کا بھی اضافہ ہو گیا ہے اور وہ ہے ’کوک سٹوڈیو‘ کا موسم۔

کیونکہ سال 2020 کا ہر موسم ہی ہر لحاظ سے افسردگی کا باعث رہا ہے تو اس برس کوک سٹوڈیو کے چاہنے والے یقیناً اس کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث موسیقی کے اس شو کو بھی ملتوی کیا گیا تھا اور عام طور اگست میں شروع ہونے والے کوک سٹوڈیو کا آغاز اس مرتبہ دسمبر میں ہوا ہے۔

جیسے ہر موسم ہر کسی کو اچھا نہیں لگتا اسی طرح کوک سٹوڈیو کے بھی ناقد موجود ہیں اور گذشتہ چند برسوں سے اس تنقید میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پہلی قسط کے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے وہی روایتی انداز اپنایا اور کہیں میمز کے ذریعے ریلیرز ہونے والے گانوں کا تمسخر اڑایا تو کہیں ’یہ گانا اب کافی عرصہ تک میری پلے لسٹ میں رہے گا‘ کی بازگشت سنائی دی۔

کوک سٹوڈیو

،تصویر کا ذریعہAli Shah

اس سیزن میں نیا کیا ہے؟

ایک بات جو آپ کو پہلا گانا پلے کرتے ساتھ ہی دکھائی دے گی وہ یہ ہے کہ اس مرتبہ اسے گھر کے ماحول میں فلمایا گیا ہے۔ یعنی جب پوری دنیا میں گھر بیٹھے کام کیا جا رہا ہے تو کوک سٹوڈیو کو بھی گھر کے ماحول میں فلمایا گیا۔

ایک صارف نے یوٹیوب پر تبصرہ کیا کہ ’سماجی فاصلہ کیسے برقرار رکھنا ہے، اس کے لیے کوک سٹوڈیو سے سبق حاصل کریں۔‘

یہ بھی پڑھیے

کوک سٹوڈیو

،تصویر کا ذریعہAli Shah

دوسری نمایاں بات جو اس سیزن میں دیکھنے کو ملے گی وہ شاید متعدد ناقدین کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے باعث ہی اپنائی گئی ہے۔

یہ کوک سٹوڈیو کا 13واں سیزن ہے اور عام طور پر گذشتہ کئی برس سے ایک ہی فارمولا بار بار آزمانے پر موسیقی کے اکثر مداحوں نے اس سے اکتاہٹ کا اظہار کیا تھا۔ یہ فارمولا دراصل پرانے گانوں کو نئے انداز میں پیش کرنا، یا دو گانوں کو ملا کر مختلف انداز میں گانا ہے۔

کوک

،تصویر کا ذریعہTwitter/MarwahKhan64

آغاز کے کئی سیزنز تک تو یہ فارمولا خاصا کامیاب رہا لیکن پھر آہستہ آہستہ کوک سٹوڈیو بھی یکسانیت کا شکار ہوتا دکھائی دیا اور وہ بحث جو ہمیشہ سے ہی کی جاتی ہے، کہ ’اس سے بہتر تو اس گانے کا اصل ورژن تھا‘، مزید گرم ہونے لگی۔

اس سیزن میں اسے تبدیل کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس مرتبہ صرف نئے گانے ہی گائے جائیں گے اور موسیقی کے ذریعے معاشرتی پیغامات دینے پر توجہ دی جائے گی۔

اس سلسلے میں پہلی قسط میں ریلیز ہونے والا گانا ’نا ٹوٹیا وے‘ کوک سٹوڈیو کی تاریخ میں وہ پہلا گانا بن گیا ہے جسے سیزن کے دوران گانے والی تمام خواتین گلوکاروں نے مل کر گایا ہے۔

میشا

،تصویر کا ذریعہAli Shah

،تصویر کا کیپشنمیشا شفیع

پہلی قسط میں ریلیز ہونے والے گانے

پہلی قسط میں ویسے تو ہمیں روایتی طور پر کوک سٹوڈیو میں نظر آنے والے چہرے دکھائی دیے لیکن کچھ نئی آوازیں بھی سنائی دیں۔ ان آوازوں میں کوک سٹوڈیو میں ڈیبیو کرنے والے مہدی مالوف کے گانے 'دل کھڑکی' کو سوشل میڈیا پر خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔

سوشل میڈیا

،تصویر کا ذریعہTwitter/@Razi75167133

اس گانے کے بول آپ کو اپنے حالات سے قطع نظر دنیا کے لیے اپنا دل کھولنے کے بارے میں بتاتے ہیں۔ اس موسیقی کی ایک قسم ’اِنڈی پاپ‘ انداز میں گایا گیا ہے۔

ایک صارف نے اس گانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس گانے نے ’پاکستان کی موسیقی میں ایک نیا باب کھول دیا ہے‘۔

کوک سٹوڈیو

،تصویر کا ذریعہAli Shah

،تصویر کا کیپشنمہدی مالوف

جبکہ ایک دوسرے صارف کو اس گانے کی زیادہ سمجھ نہیں آئی اور انھوں نے تبصرہ کیا کہ یہ ’گانا کم اردو کی تقریر زیادہ لگ رہی ہے۔‘

اس کے علاوہ دیگر صارفین عاطف اسلم کو بھی یاد کرتے دکھائی دیے اور کہنے لگے کہ ’عاطف اسلم کے بغیر کوک سٹوڈیو ادھورا ہے‘۔

اس سے اگلا گانا ’جاگ رہی‘ دراصل سسی پنو کی لوک کہانی کا احوال ہے۔ اس گانے کو فریحہ پرویز اور علی نور نے گایا ہے۔ اس گانے پر صارفین نے ملا جلا ردِ عمل دیا ہے۔

کوک سٹوڈیو

،تصویر کا ذریعہAli Shah

،تصویر کا کیپشنعلی نور

کچھ کو یہ کہانی غمگین جبکہ کچھ علی نور کی آواز کے دیوانے ہوتے دکھائی دیے۔ ایک صارف نے کہا کہ جو چیز تینوں گانوں میں اچھی لگی وہ یہ تھی کہ تمام ’گلوکاروں کی آواز انتہائی صاف‘ ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ علی نور کی آواز مجھے اس صدی کے اوائل میں لے گئی ہے جب ’ہم بچپن میں انتہائی خوش اور بے پرواہ ہوا کرتے تھے‘۔

سوشل میڈیا کا جائزہ لیتے ہوئے جس گانے کی زیادہ دھوم نظر آئی وہ ’نا ٹوٹیا وے‘ ہے اور اس میں ویسے تو تمام خواتین کی آوازیں موجود ہیں لیکن خاص کر میشا شفیع کا گانے کے آخر میں ’ریپ موسیقی‘ کا سہارا لینا اکثر صارفین کو خوب بھایا ہے۔

ٹریبڈ

،تصویر کا ذریعہTwitter/khanareebazai

ایک صارف نے لکھا کہ ’میشا نے بتا دیا کہ بوہیمیا کے علاوہ بھی اس سیزن میں کوئی ریپر ہے‘۔

یاد رہے کہ پاکستانی نژاد امریکی ریپر بوہیمیا بھی اس سیزن میں نظر آئیں گے۔

صنم ماروی جو اس سے قبل بھی کئی بار کوک سٹوڈیو کا حصہ رہ چکی ہیں کی آواز کو پزیرائی مل رہی ہے۔

آج تو پہلی قسط آئی ہے اور آنے والے دنوں میں بھی سوشل میڈیا پر صارفین کے بیچ اس سیزن سے متعلق نوک جھوک جاری رہنے والی ہے۔