شوبز ڈائری: کورونا وائرس پھیلنے سے فلم انڈسٹری متاثر، کترینہ کیف سے متعلق بیان پر روہت شیٹی پر تنقید اور سلمان خان کی نئی فلم

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس کے سبب اب فلم انڈسٹری بھی متاثر ہو رہی ہے، چاہے وہ ہالی ووڈ ہو یا بالی ووڈ۔

مشہور ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن کورونا وائرس کے شکار ہو گئے ہیں۔ یہ دونوں اس وقت آسٹریلیا میں موجود ہیں ہیں۔

ٹام ہینکس نے انسٹا گرام پر یہ خبر دیتے ہو کہا کہ ان میں اور ان کی اہلیہ میں کووِڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔ اور اب وہ قرنطینہ میں ہیں۔ انھوں نے مزید لکھا کہ وہ لوگوں کو اس صورتحال سے آگاہ کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

’کترینہ آپ کو کوئی نہیں دیکھے گا‘

ادھر انڈیا میں بھی کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے آنے والے ہفتوں میں کئی فلموں کی ریلیز ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں روہت شیٹی کی فلم ’سوریا وانشی‘ بھی شامل ہے۔

اس فلم میں اکشے کمار، رنویر سنگھ اور اجے دیوگن کے ساتھ کترینہ کیف نے بڑے کردار ادا کیے ہیں۔

گذشتہ روز کترینہ کیف سے متعلق ایک بیان کی وجہ سے روہت شیٹی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہے تھے۔ ان میں سے ایک ٹرینڈ ’شرم کرو روہت شیٹی‘ بھی تھا۔

اس دوران روہٹ شیٹی پر تنقید کی گئی اور انھیں پدر شاہی ذہنیت کا شکار کہا گیا۔ لیکن انھوں نے ایسا کیا کر دیا؟

دراصل اس فلم کی تشہیر کے دوران فلم کمپینیئن کے ساتھ ایک انٹرویو میں روہت سے پوچھا گیا کہ ’اس فلم میں اتنے بڑے سٹارز ہیں تو مانیٹر میں آپ کس پر فوکس کر رہے تھے؟‘

اس کے جواب میں روہت نے کہا کہ تینوں سٹارز پر فوکس تھا۔

انھوں نے کہا کہ ’اگر آپ اس سین کو دھیان سے دیکھیں گے تو پائیں گے کہ اس سین میں کترینہ کی پلک جھپک رہی ہے۔ لیکن جب کترینہ نے کہا کہ وہ یہ سین دوبارہ شوٹ کرنا چاہتی ہیں تو میں نے کہا کہ میں ایمانداری سے کہوں تو فریم میں اکشے، رنویر اور اجے جیسے تین سپر سٹار تمھارے ساتھ ہیں۔

’اب ان کی موجودگی اور پیچھے بم دھماکے کے دوران آپ کو کون دیکھے گا؟ کوئی نوٹس نہیں کرے گا۔ جواب میں کترینہ نے کہا کہ آپ ایسا کیسے کہہ سکتے ہو۔‘

اس کے بعد روہت نے کترینہ سے مزید کچھ کہا یا نہیں یہ تو معلوم نہیں۔ ہاں کچھ دن بعد کترینہ نے انسٹاگرام پر اس کی وضاحت ضرور پیش کی۔

کترینہ کا کہنا تھا ’دوستوں میں اکثر خبروں پر توجہ نہیں دیتی۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ روہت سر کے بیان کو کچھ اور ہی سیاق و سباق میں پیش کیا گیا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’جب میں نے ان سے کہا کہ اس سین میں میری پلکیں جھپکی تو انھوں نے کہا تھا کہ اس سین میں چار لوگ ہیں اور پیچھے بم دھماکہ تو آپ کی پلکیں جھپکتے ہوئے کوئی نوٹس نہیں کرے گا۔ پھر بھی یہ سین دوبارہ شوٹ ہوا تھا۔‘

خیال کیا جا رہا ہے کہ کترینہ کی یہ پوسٹ ایک طرح کا ڈیمج کنٹرول تھا۔ بہر حال ان کے اس بیان کے بعد ’ہیش ٹیگ شرم کرو روہت شیٹی‘ بھی پلک جھپکتے ہی غائب ہو گیا۔

سلمان خان کی فلم ’کبھی عید کبھی دیوالی‘

سلمان خان جو ہمیشہ ہی عید اور دیوالی کے چکر میں مصروف رہتے ہیں اب اس نام کی فلم بنا رہے ہیں۔ اس کا عنوان ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ ہے۔

سلمان خان کے مداحوں کو ان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔ چاہے اب ان کی نئی فلم ہِٹ ہو یا فلاپ۔

اس فلم کی کہانی کیا ہو سکتی ہے اس بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں جن میں یہ تک کہا گیا ہے کہ یہ ایک تمل فلم ’ویرم‘ کا ری میک ہے۔

یہ فلم چار بھائیوں کی کہانی ہے اور اس میں ہندو مسلم تعلقات کا ذکر ایک جذباتی طریقے سے کیا گیا ہے۔ فلم میں اداکارہ پوجا ہیگڑے کے ساتھ سلمان کے بہنوئی آیوش شرما بھی ہیں۔

اب دیکھنا ہے کہ یہ فلم عید پر ریلیز ہوگی یا دیوالی پر۔