آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شو بز ڈائری: سلمان خان عالیہ بھٹ کے مقابل کس کردار میں آئیں گے؟
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر فلم بنانے والے فلسماز امنگ کمار کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی کی کہانی بہت دلچسپ ہے جو ملک کے نوجوانوں کو تحریک دے سکتی ہے کہ کس طرح ایک چائے والا ملک کا وزیر اعظم بن جاتا ہے۔
مودی جی کے دورِ حکومت میں نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کرنے والے فلمساز امنگ کمار کا کہنا ہے کہ ان کی فلم کوئی پراپیگینڈا فلم نہیں بلکہ ایک بایوپک ہے۔
واضح رہے کہ یہ فلم انڈیا میں پانچ اپریل کو ریلیز ہو رہی ہے جبکہ ملک میں 11 اپریل سے عام انتخابات بھی شروع ہو رہے ہیں۔
امنگ صاحب عام انتخابات کے موقع پر اس طرح کی فلم ریلیز کرنے کا مطلب پراپیگینڈا نہیں تو اور کیا ہے؟
جہاں تک ایک ایماندار بایوپک کا تعلق ہے تو لوگ امید کریں گے کہ آپ نے فلم میں مودی جی کا صحیح کردار، ان کی زندگی اور ان کی متنازع سیاست سے جڑے ہر اس واقعہ کو پیش کیا ہو گا جس نے ملک میں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
رہی بات انتخابات کے موقع پر اس طرح کی فلم ریلیز کرنے کی تو کچھ سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کی توجہ اس جانب مبذول کرنے کی کوشش ضرور کی ہے لیکن کارروائی ہو گی یا نہیں اس بارے میں نہ تو کچھ کہا جا سکتا ہے اور نہ ہی کیا جا سکتا ہے کیونکہ لوگوں کا خیال ہے کہ مودی جی کی با اثر شخصیت نے ملک کے لوگو ں کو ہی نہیں اہم اداروں کو بھی کافی متاثر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سارہ علی خان دو کامیاب فلمیں دینے کے بعد اب اپنے من پسند ہیرو کارتک آرین کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آنے والی ہیں۔
کارتک اور سارہ فلسماز امتیاز علی کی اگلی فلم کے مرکزی کردار ہوں گے۔ اگرچہ فلم کا ٹائٹل ابھی طے نہیں ہوا تاہم فلم کے سیٹ سے دونوں کی ایک رومانٹک تصویر ضرور جاری کی گئی ہے۔ فلم اگلے سال ویلنٹائن ڈے پر ریلیز کی جائے گی۔
کیدار ناتھ اور سمبا کی ہیروئن سارہ نے کئی مرتبہ اقرار کیا ہے کہ وہ کارتک آرین کو پسند کرتی ہیں اور ٹی وی شو کافی ود کرن میں انھوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ وہ کارتک کے ساتھ ڈیٹ پر جانا چاہتی ہیں جس پر کارتک نے بھی مثبت جواب دیا تھا۔
بہرحال ان دونوں کی اس چھیڑ چھاڑ کے پس منظر میں ان دونوں کی آن سکرین کیمسٹری دیکھنے میں لوگوں کی کافی دلچسپی ہو گی۔
فلمساز سنجے لیلا بھنسالی سالوں بعد ایک بار پھر سلمان خان کے ساتھ فلم بنانے کے لیے تیار ہیں اور سلمان نے بھی رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ فلم کا نام ہے انشا اللہ۔
اس فلم کی خاص بات یہ بھی ہے کہ فلم میں سلمان کے ساتھ عالیہ بھٹ ہیں۔ جب سے یہ خبر سامنے آئی ہے سوشل میڈیا پر سلمان کے مداح تو خوش ہیں لیکن کچھ منچلوں نے عالیہ اور سلمان کی وہ تصاویر شیئر کرنی شروع کر دی ہیں جس میں عالیہ ننھی سی بچی اور سلمان جوان ہیں۔
لوگوں نے فلم کی تفصیل جانے بغیر ہی حسبِ معمول اپنی رائے کا اظہار شروع کر دیا بلکل اس طرح جب فلم ڈیئر زندگی کے لیے شاہ رخ اور عالیہ کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا جس میں شاہ رخ عالیہ کے ہیرو نہیں ایک ٹیچر کی طرح تھے۔ دیکھتے ہیں کہ سلمان عالیہ کے سامنے کس کردار میں آئیں گے؟