آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سلمان خان: 'ایک خوبصورت اور مہذب لڑکی کا استقبال ہے'
جب اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے سلمان خان کی نئی فلم 'بھارت' چھوڑی تو لوگوں نے خیال ظاہر کیا کہ وہ شادی کرنے والی ہیں اور انھوں نے اپنے گلوکار ساتھی نک کے لیے یہ قربانی دی ہے۔
سلمان خان کی پیشکش کو 'انکار' کرنا بہت مشکل کام ہے اور پرینکا کے پاس اس کے لیے ضرور کوئی بڑا جواز رہا ہوگا۔
بہر حال 'بالی وڈ کے دبنگ' کہے جانے والے سلمان خان نے اپنی فلم کی نئی ہیروئن کا تعارف اپنے ہی انوکھے انداز میں کیا۔
انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اعلان کیا کہ اس کردار کے لیے ان کی پرانی دوست قطرینہ کیف ان کے ساتھ ہوں گی۔
ان کے ٹویٹ کا انداز ضرورت رشتہ کے کسی اشتہار کی طرح تھا جس میں انھوں نے لکھا: 'ایک سندر اور سوشیل لڑکی جس کا نام ہے قطرینہ کیف۔۔۔ سواگت ہے آپ کا بھارت کی زندگی میں۔'
یعنی ایک خوبصورت اور مہذب لڑکی جس کا نام قطرینہ کیف ہے ان کا بھارت کی زندگی میں استقبال ہے۔ اور اس کے ساتھ انھوں نے قطرینہ کی ایک تصویر بھی ٹویٹ کی۔ ظاہر ہے کہ بھارت کا کردار سلمان خان ہی ادا کر رہے ہیں۔
اس ذو معنی ٹویٹ کو تقریباً 60 ہزار بار لائیک کیا گيا ہے جبکہ دس ہزار سے زیادہ لوگ اس کے بارے میں باتیں کر رہے ہیں۔
اس سے قبل جب سلمان خان نے اس فلم کی لیڈ اداکارہ کے رول کے لیے پرینکا کے نام کا اعلان کیا تھا تو انھوں نے ان پر شرارت آمیز طنز کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھون نے لکھا تھا: 'پرینکا چوپڑہ ۔۔۔ آپ کی گھر واپسی کا بھارت استقبال کرتا ہے۔ آپ سے جلد ہی ملاقات ہوگی ۔۔۔ لیکن ہماری فلم ہندی میں ہے۔'
ان کا طنز یہ تھا کہ پرینکا اب ہالی وڈ کی انگریزی فلموں کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں اور بیرون ملک زیادہ رہتی ہیں۔
اس کے ساتھ انھوں نے اس سے منسلک افراد ہدایت کار علی عباس ظفر اور آرٹ ہدایتکار اتل اگنی ہوتری کو ٹیگ کیا تھا اور اس کے ساتھ عید 2019 بھی لکھا تھا جسے اس فلم کی ریلیز کی تاریخ سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
سلمان کے ٹویٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا دل اب تک قطرینہ کے لیے دھڑکتا ہے اور ٹوئٹر صارف اس کے متعلق باتیں بھی کر رہے ہیں۔
انھوں نے اسی فلم کی ایک دوسری اداکارہ دِشا پتانی کا بھی استقبال کیا ہے اور اس میں بس سادگی ہے۔ ’بھارت فلم کے سفر میں دشا پتانی کا استقبال ہے‘۔
حالیہ دنوں قطرینہ کے لیے سلمان کے نرم گوشوں کا اظہار ہوتا رہا ہے خواہ وہ ایک تقریب میں ایک ہی پیالی سے کافی پینا ہو یا پھر فلم 'ٹائيگر زندہ ہے' یا پھر ان کا حالیہ 'دا دبنگ ٹور' ہی کیوں نہ ہو۔
ایس کے ایس واریئر نامی ٹوئٹر ہنیڈل سے کئی پوسٹ کیے گئے ہیں جس میں انھوں نے سلمان اور قطرینہ کی جوڑی کو سب سے زیادہ 'گرمجوش جوڑی' قرار دیا اور فلم کا استقبال کیا ہے اور یہ بھی لکھا کہ 'قطرینہ نے بازی مار لی۔'
اب پرینکا کے بارے میں یہ خبر بھی گردش کر رہی ہے کہ وہ ہالی وڈ اداکار کرس پریٹ کے ساتھ 'کاؤ بوائے ننجا وائکنگ' کی نئی پیشکش میں لیڈ اداکارہ کا رول کرنے والی ہیں۔ لیکن پرینکا کی جانب سے اس بارے میں کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔
اب تک پرینکا کی سلمان خان کے ساتھ تین فلمیں آ چکی ہیں جن میں 'مجھ سے شادی کروگی' بہت مشہور ہوئی۔ ديگر فلمیں 'گاڈ توسی گریٹ ہو' اور 'سلام عشق' ہے۔
قطرینہ کیف نے سلمان خان کے ساتھ مجموعی طور پر نو فلمیں کی ہیں اور 'بھارت' ان کی دسویں فلم ہوگی۔