بالی وڈ ڈائری: کیا عالیہ اور رنبیر صرف دوست ہیں؟

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

پچھلے ہفتے عالیہ بھٹ 25 سال کی ہوگئیں۔ اب چونکہ عالیہ اس وقت فلم 'برہماستر' کی شوٹنگ کے لیے بلغاریہ میں ہیں تو ان کی اس اہم سالگرہ کی پارٹی اس فلم کے ہدایت کار ایان مکھرجی اور فلم کے ہیرو رنبیر کپور کی جانب سے دی گئی۔

یہاں تک تو ٹھیک تھا لیکن جب نیتو ممی اس پارٹی میں شرکت کے لیے ممبئی سے بلغاریہ پہنچیں اور عالیہ کے ساتھ پیاری پیاری اور محبت بھری تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں تو ربنیر اور عالیہ کے بارے میں پہلے سے پھیلی افواہوں میں جان پڑ گئی اور ان تصویروں میں ممی کے لیے عالیہ کا چھلکتا پیار کافی کچھ کہہ رہا تھا۔

ویسے بھی جب سے رنبیر کپور اور قطرینہ میں علیحدگی ہوئی ہے میڈیا ان کا نام کسی نہ کسی ہیروئن کے ساتھ جوڑنے کے لیے بے چین ہے اور اب عالیہ اور رنبیر جب ایک ساتھ فلم کر رہے ہیں تو میڈیا ایسی خبروں کو ہوا دینے میں لگی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اب رنبیر اور عالیہ کے درمیان کیا ہوگا اور کیا نہیں اس حوالے سے تو کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن بالی وڈ کی اگلی 'سپر سٹار' کہی جانے والی عالیہ کی تین بڑی فلمیں رلیز ہونے کے لیے تقریباً تیار ہیں جن میں 'راضی'، 'گلی بوائے' اور اس کے بعد 'برہماستر' شامل ہیں۔

جس طرح عالیہ نے اپنے فلسماز پاپا مہیش بھٹ کی مدد کے بغیر کامیابی حاصل کی اسی طرح شاہ رخ خان کی بیٹی سہانہ بھی تعلیم کے ساتھ ساتھ اداکاری کے میدان میں اپنی قسمت آزمانے کی تیاری میں ہیں۔

یوں تو سہانہ اکثر پبلک پلیٹ فارم پر جلوے دکھاتی رہتی ہیں اور ان کے بارے میں ابتدا سے ہی خیال ظاہر کیا جاتا رہا ہے کہ وہ شوبز میں آنا چاہتی ہیں اور شاہ رخ بھی اس بات ک ااظہار کر چکے ہیں لیکن وہ پہلے اپنے بچوں کی تعلیم مکمل کرنے کے حق میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

حال ہی میں گوری خان نے اس بات کا انکشاف کیا کہ سہانہ کو ایک میگزین کے لیے فوٹو شوٹ کا آفر مِلا ہے اور سہانہ اس شوٹ کے لیے کافی پر جوش ہیں۔ لگتا ہے کہ ایک اور بالی وڈ ستارہ چمکنے کے لیے تیار ہے۔

'حاصل'، 'مقبول'، 'نیم سیک' اور 'لنچ باکس' کے ساتھ ساتھ 'پیکو' اور 'ہندی میڈیم' جیسی کامیاب بالی وڈ فلموں میں کام کرنے والے اداکار عرفان خان کی بیماری کی خبر نے پچھلے ہفتے جہاں لوگوں کو غمزدہ کیا وہیں لوگوں نے طرح طرح کی قیاص آرائیاں بھی کیں۔

بہر حال عرفان نے اپنے وعدے کے مطابق لوگوں کو اپنی بیماری سے آگاہ کیا اور بتایا کہ انھیں نیورو اینڈو کرائن ٹیومر ہے۔ عرفان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اس بات کو قبول کرنا مشکل ہے لیکن اپنے اردگرد لوگوں کے پیار اور دعاؤں نے انھیں اس بیماری سے لڑنے کی طاقت دی ہے۔

یہ ایک ایسا ٹیومر ہے جو جسم کے کئی حصوں میں پھیل سکتا ہے۔ عرفان خان کا مرض کس سطح پر ہے یہ تو کہا نہیں جا سکتا لیکن انڈسٹری کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی ان کی صحت کے لیے دعا کر رہے ہیں۔