'آج کوئی ڈریم گرل ہو تو وہ دیپکا ہوں گی'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے بالی وڈ میں 'ڈریم گرل' کے نام سے معروف اداکارہ ہیما مالنی کی سوانح عمری ممبئی میں ان کی 69 ویں سالگرہ پر ریلیز کی ہے۔
'بیانڈ دا ڈریم گرل' کے نام سے شائع ہونے والی یہ سوانح حیات رام کمل مکھرجی نے لکھی ہے جبکہ اس کا پیش لفظ انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے لکھا ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ ہیما مالنی بی جے پی کی رہنما اور رکن پارلیمان ہیں۔
یہ بھی پڑھیے

کتاب کی ریلیز کے دوران مصنف رام کمل نے ہیما مالنی اور دیپکا پاڈوکون سے بات چیت کی۔ جب انھوں نے ہیما مالنی سے پوچھا کہ آج کی ڈریم گرل کون ہو سکتی ہے تو انھوں نے دیپکا پاڈوکون کا نام لیا تاہم اس کے ساتھ ہی یہ کہا کہ 'میں یہ نہیں کہتی کہ آپ ڈریم گرل کا خطاب میرے نام سے جدا کر دیں‘۔
دیپکا پاڈوکون نے کہا کہ ہیما مالنی نہ صرف ان کے لیے بلکہ خواتین کی ایک پوری نسل کے لیے رول ماڈل رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ آپ کو مسترد کیے جانے پر کیسا محسوس ہوتا ہے تو دیپکا نے کہا: 'یہ بہت مشکل ہوتا ہے۔ جیسا کہ ہیما جی نے اپنے ویڈیو میں کہا ہے کہ لوگ گلیمر دیکھتے ہیں، حسن دیکھتے ہیں، ساری اچھی چیزیں دیکھنے آتے ہیں لیکن اس کے پیچھے بہت محنت ہوتی ہے۔ میرے خیال سے اس کے پیچھے بہت قربانیاں بھی ہوتی ہیں اور آپ کو ایک ڈسپلین والی زندگی گزارنی ہوتی ہے تبھی آپ اس کو سکرین پر پیش کرنے کے قابل ہوتے ہیں‘۔
'میرا خیال ہے کہ ہیما جی مجھ سے اتفاق کریں گی۔ میری سب سے بڑی قربانی یہ ہے کہ مجھے اپنے اہل خانہ سے دور رہنا ہوتا ہے‘۔
اس موقع پر ہیما مالنی کے ساتھ ان کی دو بیٹیاں تھیں لیکن ان کے شوہر اداکار دھرمیندر وہاں موجود نہیں تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
31 سالہ اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'جہاں تک رومانوی رشتوں کا سوال ہے تو یہ بہت الجھے ہوئے ہوتے ہیں اور ایسے افراد کو تلاش کرنا مشکل ہوتا ہے جو آپ کی کامیابی کو سمجھ سکیں۔ کامیابی کی بلندیوں پر ہونا بہت پیچیدہ ہے‘۔
ہیما مالنی نے ان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا: 'یقیناً، کئی معنوں میں وہ جگہ بہت تنہائی والی ہے۔ ذاتی رشتے کے معاملے میں بھی۔ آپ دن بھر محنت کرتے ہیں، رات میں آتے ہیں اور سو جاتے ہیں اور پھر صبح سویرے کام پر چلے جاتے ہیں۔۔۔ آپ کے والدین چاہتے ہیں کہ آپ شادی کر لیں میرے لیے بھی کئی رشتے آئے لیکن ان سے مطابقت نہیں ہو سکی‘۔
فلم 'سپنوں کا سوداگر' سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ ہیما مالنی نے ڈیڑھ سو سے زیادہ فلموں میں اداکاری کی ہے اور ان میں 'ڈریم گرل' کا خاص مقام ہے۔ انھوں نے دھرمیندر کے ساتھ کم از کم ایک درجن فلمیں کی ہیں۔







