پریانکا کے ٹرنچ کوٹ میں چھپے کئی معنی

نیویارک میں ہر سال منعقد ہونے والی فیشن کی دنیا کی ایک بڑی تقریب ’میٹ گالا‘ انڈیا میں کوئی بڑی خبر نہیں ہوتی، لیکن اس سال کی رنگا رنگ تقریب میں مشہور اداکارہ پریانکا چوپڑا کا لباس سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا خاص مرکز بنا ہوا ہے۔

پریانکا چوپڑا نے اس موقع پر سراغرسانوں جیسا طویل ٹرنچ کوٹ پہنا ہوا تھا اور ان کے اس کوٹ کے حوالے سے نہ صرف کئی لطیفے گردش میں ہیں بلکہ کچھ صارفین اور مشہور شخصیات کے خیال میں پریانکا کے دور تک پھیلے ہوئے اس کوٹ میں کچھ پوشیدہ علامتی پیغامات بھی تھے۔

اس سال کے میٹ گالا کا مرکزی خیال یا تھیم جاپان کے مشہور ڈیزائنر ری کواکبو کے فن کو خراج تحسین پیش کرنا تھا اور اس لحاظ سے پریانکا نے ’رالف لارین‘ کا بنایا ہوا جو برساتی کوٹ پہنا ہوا تھا وہ تقریب کی تھیم کے عین مطابق تھا۔ پریانکا تقریب میں اتنی خوبصورت دکھائی دے رہی تھیں کہ جیسے ہی انھوں نے سٹیج کی جانب چلنا شروع کیا، فیشن کی دنیا کے کئی ماہرین نے اعلان کر دیا کہ آج کی شام پریانکا کے نام ہو گی۔

انڈیا میں منگل کی دوپہر تک پریانکا کے بارے میں 16 ہزار ٹویٹس کی جا چکی تھی، جس کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں نے صبح جاگتے ہی پریانکا کے بارے میں بات کرنا شروع کر تھی۔

لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ کہنے کو تو فیشن ہے لیکن اصل میں یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ’سوچھ بھارت ابھیان‘ یا ’صاف ستھرا بھارت‘ مہم کا اشتہار ہے کیونکہ پرینکا کا دُور تک جھاڑو لگاتا ہوا کوٹ صفائی کا بہت اچھا ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔

کچھ لوگ تو وزیر اعظم مودی کو بھی ٹوئٹر پر تجاویز دے رہے ہیں کہ انھیں چاہیے کہ وہ پریانکا چوپڑا کو اپنی صفائی مہم کا سرکاری ’پیامبر یا سفیر‘ بنا دیں۔

’سوچھ بھارت ابھیان‘ نامی صفائی کے منصوبے کی تشہیر کے لیے سچن تندولکر اور امیتابھ بچن کی خدمات لی جا چکی ہیں، اس لیے صارفین کا کہنا ہے کہ اگر وہ پریانکا کا نام تجویز کر رہے تو کچھ غلط نہیں۔

کئی صارفین کا کہنا تھا کہ آپ جتنا مذاق چاہے کر لیں، لیکن آپ کو ماننا پڑے گا کہ پریانکا ٹرینچ کوٹ میں بہت خوبصورت لگ رہی تھیں۔ اس حوالے سے انڈیا اور امریکہ دونوں ملکوں میں لوگوں کی بڑی اکثریت کا اتفاق ہے کہ وہ واقعی بہت خوبصورت دکھائی دے رہی تھیں۔

’ایل میگزین‘ نے پریانکا کے لباس کو بڑے حروف میں ’فینسی‘ قرار دیا اور اس امریکی رسالے کا مزید کہنا تھا کہ پریانکا کی خوبصورتی ’قاتلانہ‘ تھی۔

نیویارک سے شائع ہونے والے ’ٹائم آؤٹ‘ میگزین نے بھی پریانکا کو میٹ گالا میں شرکت کرنے والی دس بہترین شخصیات میں شامل کیا۔

جہاں تک انڈیا کے ذرائع ابلاغ کا تعلق ہے تو انھوں نے بھی امریکی فیشن میگزینز سے اتفاق کیا ہے۔ روزنامہ ٹائمز آف انڈیا نے لکھا کہ پریانکا نے خوش لباسی کا یہ میلہ لوٹ لیا جبکہ دکن کرانیکل کا کہنا تھا کہ پریانکا ’شہزادی‘ لگ رہی تھیں۔

ٹؤٹر پر بھی صارفین کی اکثریت اس رائے سے اتفاق کرتی نظر آ رہی ہے۔