آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’ماہ میر‘ کے لیے انڈیا میں بہترین فلم کا اعزاز
- مصنف, حسن کاظمی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی فلم ماہ میر نے دہلی میں ہونے والے دادا صاحب فلم فیسٹیول میں بہترین فلم اور بہترین موسیقی کے ایوارڈ جیت لیے ہیں۔
بھارت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے لیے کام کر نے والے ہرش نارائن نے ماہ میر کی ٹیم کی جانب سے یہ ایوارڈز وصول کیے ۔
ماہ میر ہم فلمز کی جانب سے بنائی گئی تھی جس کے پیش کار بدر اکرام تھے۔
فلم کے ہدایتکار انجم شہزاد نے بی بی سی سے گفتگو کر تے ہوئے بتایا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ یہ ایوارڈ میر کی دلی سے آیا ہے اور ’یہ ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے۔‘
انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں چیزیں بہتر ہوں گی اور وہ بھارت میں اپنے دوستوں کے ساتھ کام کر سکیں گے۔
فلم کے ہدایتکار انجم شہزاد نے مزید کہا کہ آج تک میر تقی میر پر فلم نہیں بنی تھی۔ ’اس فلم کا مقصد پیسے کمانا نہیں تھا بلکہ پاکستانی کام دنیا کو دکھانا تھا اور یہ مقصد پورا ہو گیا ہے۔‘
'بھارت میں ان حالات میں پاکستانی فلم کو ایوارڈ ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ فن روکا نہیں جاسکتا ۔ یہ کامیابی فن کی کامیابی ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسے اگرچہ ایوارڈ نہیں مل سکا اور صرف ہم ٹی وی نے اپنے ایوارڈز میں اسے ستائشی ایوارڈ دیا تاہم اس سے فرق نہیں پڑتا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ماہ میر ایک نوجوان جمال کی کہانی ہے جو موجودہ دور میں میر کی وحشت کو سمجھنے کی کوشش میں خود اس کا شکار ہو جاتا ہے ۔ یہ عشق ، جدائی ، روایت اور غریت سے بغاوت کی کہانی ہے ۔
ماہ میر گذشتہ سال مئی میں ریلیز کی گئی تھی اور اسے ناقدین کی جانب سے بہت پزیرائی ملی تھی ۔ یہ فلم پاکستان کی جانب سے بہترین غیر ملکی فلم کے شعبے میں آسکر ایوارڈ کیلئے بھی نامزد کی گئی تھی ۔
فلم نے گذشتہ برس گوام انٹرنیشنل ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔