بیٹی کی موت کے دوسرے روز اداکارہ ڈیبی رینلڈز بھی چل بسیں

،تصویر کا ذریعہAP
ہالی وڈ کی اداکارہ ڈیبی رینلڈز کے بیٹے ٹوڈ فشر کا کہنا ہے کہ ان کی بہن کیری فشر کی موت کے دوسرے روز ہی صدمے کی وجہ سے ان کی ماں ڈیبی بھی چل بسیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 84 سالہ ڈیبی کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کی وجہ سے بدھ کے روز انھیں لاس اینجلس کے ایک ہسپتال لے جایا گیا تھا۔
ایک روز قبل ہی ڈیبی کی بیٹی کیری فشر کا سفر میں دوران پرواز دل کا دورہ پڑا تھا جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگيا۔
ڈیبی رینالڈز سنہ 1952 میں آنے والی فلم ’سنگن، ان دی رین‘ میں جین کیلی کے مد مقابل اپنے کردار سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچی تھیں۔
ان کی بیٹی کیری فشر بھی اداکارہ تھیں جو سٹار وارز سیریز میں 'پرنسیز لیا' کے کردار کے لیے جانی جاتی ہیں۔ 60 سالہ کیری فشر کا انتقال منگل کو دوران سفر جہاز میں حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے ہو گیا تھا۔
ڈیبی کے بیٹے ٹوڈ فشر نے اپنی ماں کی موت کا اعلان کرتے ہوئے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ ’اب وہ کیری کے ساتھ ہیں اور ہم سب صدمے میں ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ماں کے لیے میری بہن کی موت کا صدمہ کچھ زیادہ ہی تھا جس کی وہ تاب نہ لا سکیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
منگل کے روز ہی ڈیبی رینلڈز نے اپنی بیٹی کی موت سے متعلق ایک بیان پوسٹ کیا تھا جس میں انھوں نے اپنی بیٹی کی صلاحیتوں کی تعریف کرنے کے لیے لوگوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
50 اور 60 کے عشرے میں ڈیبی ہالی وڈ کی معروف ہستیوں میں سے ایک تھیں جنھوں نے کئی موسیقی سے لبریز اور مزاحیہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
’سنگن ان دی رین‘ میں بہترین کام کی وجہ سے محض 19 برس کی عمر میں ہی وہ ایک سٹار بن چکی تھیں۔
1964 میں ’انسنکیبل مولی براؤن‘ کے لیے انھیں بہترین اداکارہ کے لیے اکیڈمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔
ڈیبی نے سنہ 1955 میں گلوکار ایڈی فشر سے شادی کی تھی جن سے انھیں دو بچے کیری اور ٹوڈ پیدا ہوئے۔ بعد میں فشر سے طلاق ہونے کے بعد ڈیبی نے دو بار شادی کی تھی۔







