آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بالی وڈ راؤنڈ اپ: رنبیر اور سونم ایک بار پھر ساتھ ساتھ
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
کہتے ہیں کہ بالی وڈ میں کچھ بھی مستقل نہیں ہوتا نہ دوستی نہ دشمنی اور نہ ہی محبت اور نہ ہی شادی۔
اس کی کئی مثالیں موجود ہیں اب رنبیر کپور اور سونم کپور کو ہی لے لیجیئے فلم سانوریا کے بعد دونوں کی 'دوستی' کی خبریں سامنے آئیں لیکن کہتے ہیں کہ عادت سے مجبور رنبیر کپور زیادہ دن سونم کے ساتھ دوستی نہیں نبھا پائے اور قطرینہ کے ساتھ جانے سے پہلے کچھ عرصے کے لیے دپیکا پادکون کے عشق میں گرفتار ہو گئے۔
جب دپیکا کا ساتھ چھوٹا تو کرن جوہر کے پروگرام کافی ود کرن میں سونم اور دپیکا نے مل کر مذاق ہی مذاق میں رنبیر کو آڑے ہاتھوں لیا اور خوب دل کا غبار نکالا جس پر پاپا رشی کپور خاصے ناراض بھی ہوئے تھے۔
بہرحال اس تمام تمہید کا مطلب یہ ہے کہ شاید رنبیر اور سونم ایک بار پھر بڑے پردے پر ساتھ نظر آنے والے ہیں۔
خبریں ہیں کہ سجنے دت کی 'بایو پِک' میں جہاں رنبیر سنجے دت کا کردار نبھائیں گے وہیں سونم سنجے دت کی مبینہ سابق گرل فرینڈ مادھوری دکشت کا کردار کر رہی ہیں۔
دیکھتے ہیں کہ یہ 'سابق جوڑی' دوسری 'سابق جوڑی' کو کس طرح پردے پر دکھاتی ہے۔
فلمساز اور اداکار ارباز خان اور ان کی اہلیہ ملائکہ اروڑہ خان نے 18 سال کی شادی کے بعد آخر کار عدالت میں علیحدگی کی درخواست دے ہی دی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دونوں کے درمیان طلاق کی وجہ کیا بن رہی ہے اس بارے میں مختلف افواہیں اور قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ ان میں سے ایک افواہ ملائکہ اور ارجن کپور کے درمیان نزدیکیاں بھی تھی۔
اب 43 سالہ ملائکہ نے ایک بیان جاری کر کے ان خبروں کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ارجن کپور صرف ایک اچھے دوست ہیں اس سے زیادہ کچھ نہیں اور لوگ اس دوستی کو مختلف رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
31 سالہ ارجن کپور جنھوں نے فلم ’عشق زادے‘ سے ڈیبیو کیا تھا سلمان خان کے بڑے فین ہیں اور سلمان نے ہی انھیں انڈسٹری میں آنے سے پہلے ٹریننگ دی تھی۔
ارجن اور ملائکہ کی بڑھتی ملاقاتوں کے بعد ہی اس طرح کی خبریں پھیلنے لگی تھیں کہ یہ ملاقاتیں ہی ارباز اور ملائکہ کے درمیان اختلافات کی وجہ بنی ہیں۔
دپیکا پادوکون اور رنبیر سنگھ ساتھ ساتھ ہیں یا نہیں یہ سوال ہمیشہ ہی ان کے فینز اور میڈیا کو پریشان کرتا رہتا ہے، اور یہ دونوں بھی شک کو ہوا دینے کا پورا انتظام تو کرتے ہیں لیکن اس بارے میں بات کبھی نہیں کرتے۔
حالیہ دنوں میں ایسی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ دونوں کے درمیان مبینہ طور پر بریک اپ ہو گیا ہے، لیکن اسی ہفتے میں یہ دونوں انتہائی والہانہ انداز میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر جب انل امبانی کی پارٹی میں داخل ہوئے جہاں باہر میڈیا بھی موجود تھا تو پھر سے دونوں کے ساتھ ہونے کی خبریں چھپنے لگیں۔
لگتا ہے سٹارز بھی میڈیا کے ساتھ آنکھ مچولی کا کھیل کھیلتے ہیں اور ان کا یہ کھیل انھیں خبروں میں رکھتا ہے جو سٹارز کی سب سے بڑی ضرورت ہوتی ہے۔