آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈین اداکارہ پرینکا چوپڑا نے ’غیر حساس` پیغام والی شرٹ پر معافی مانگ لی
انڈین اداکارہ پرینکا چوپڑا نے پناہ گزینوں کے بارے میں غیر حساس الفاظ والا بنیان پہن کر ایک جریدے کے لیے ماڈلنگ کرنے پر معافی مانگی ہے۔
پرینکا چوپڑا نے اس حوالے سے خود پر ہونے والی تنقید کے بعد معافی مانگی ہے۔
ان کے بنیان پر لکھے الفاظ ’تارکِ وطن‘ ’پناہ گزین‘ اور ’غیرملکی‘ سرخ لائن سے کٹے ہوئے تھے جبکہ لفظ ’مسافر‘ نمایاں تھا۔
اس تصویر کے سامنے آنے کے بعد جریدے اور اداکارہ پر تنقید کی جا رہی تھی کہ یہ مراعات یافتہ طبقے کا پیغام ہے اور اس کے ساتھ بہت سے لوگوں نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ کوئی خوشی سے پناہ گزیں نہیں بنتا۔
اس حوالے سے پرینکا چوپڑا کا بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر بہت معذرت خواہ ہوں، میں ہمیشہ لوگوں پر چھاپ لگانے کی مخالف رہی ہوں۔ میں نہایت برا محسوس کر رہی ہوں۔‘
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’اس پیغام کو غلط طریقے سے سمجھا گیا ہے، جریدہ اس بارے میں بہت واضح تھا کہ وہ اس پیغام کے ذریعے غیر ملکیوں سے نفرت کے مسئلے کو اجاگر کرنا چاہتے تھے۔‘
اس حوالے ’کوندے ناست‘ نامی اس جریدے نے بھی وضاحتی پیغام جاری کیا ہے۔ جریدے کے بقول اس فوٹو کے ذریعے وہ یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ ہم سب مسافر ہیں کوئی اپنی مرضی سے سفر کرتا ہے اور کوئی حالات کے ہاتھوں مجبور ہو کر۔
رواں ماہ کے آغاز میں اداکارہ نے اس فوٹو کو ٹویٹ کیا تھا جس کے فوراً بعد ہی سماجی رابطوں کی سائٹس پر اس حوالے سے لوگوں نے اپنی ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی